پٹنہ، 22 دسمبر: پرائیویٹ اسکولز اینڈ چلڈرن ویلفیئر ایسوسی ایشن (PSACWA) کے زیر اہتمام سہ روزہ 14 ویں قومی کانفرنس 19 سے 21 دسمبر تک چنئی کے ہوٹل ہالیڈے ان میں کامیابی کے ساتھ اور تاریخی طور پر اختتام پذیر ہوئی۔ جس میں بھارت کے کونے کونے سے 400 سے زائد نجی اسکولوں کے نمائندوں، پرنسپلوں، تعلیمی پالیسی کے ماہرین اور منتظمین نے شرکت کی اور تعلیمی اصلاحات پر گہرائی سے غور و خوض کیا۔
اس عظیم الشان کانفرنس کا افتتاح بالی ووڈ اسٹار اور ‘عاشقی ‘ فیم سپر اسٹار راہل رائے نے PSACWA کے قومی صدر سید شمائل احمد اور قومی جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر شیام نارائن کمار کے ساتھ مشترکہ طور پر شمع روشن کر کے کیا۔اس کانفرنس میں ملک بھر کی تمام ریاستوں سے نجی اسکولوں کی ایسوسی ایشنوں سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی اور ہندوستان کے تعلیمی نظام کو بہتر اور مضبوط بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا۔ ساتھ ہی نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم میں بہتری اور جدت لانے کے منصوبے بنائے گئے تاکہ معاشرے کو ایک بہتر رخ مل سکے اور ملک کو تعلیم یافتہ، ذمہ دار اور قابل نوجوان شہری مل سکیں۔
پروگرام سے خطاب کے دوران قومی صدر شمائل احمد نے کہا کہ ایک ہی ملک میں دو طرح کی پالیسیاں نہیں چلیں گی، نجی اسکولوں کے ساتھ سوتیلا سلوک ناقابل برداشت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسکول دن رات سخت محنت کرتے ہیں تاکہ ہندوستان کی تعلیم کو بہتر بنایا جا سکے۔لیکن وقت بوقت حکومت نجی اسکولوں کی سرگرمیوں میں غیر ضروری مداخلت کرکے ان کی رفتار کو سست کرنے اور کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ جس کے لیے اس عظیم الشان کانفرنس میں قومی صدر شمائل احمد نے حکومت ہند اور ملک بھر کی ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی اسکولوں کے لیے ایک الگ بورڈ یا تنظیم بنائی جائے تاکہ بغیر کسی امتیاز کے نجی اسکولوں کے مسائل کا ازالہ ہو سکے۔



