طلبہ کو اعلیٰ تکنیکی تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیح: نتیش کمار
پٹنہ، 24 دسمبر (یواین آئی): بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بدھ کو کہا کہ ریاست کے طلبہ کو اعلیٰ سطح کی تکنیکی تعلیم فراہم کرنے کے لئے بہار ہیلتھ سائنس یونیورسٹی اور بہار انجینئرنگ یونیورسٹی قائم کی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے آج میٹھاپور میں بہار ہیلتھ سائنس یونیورسٹی اور بہار انجینئرنگ یونیورسٹی کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ کو سائنس، ٹیکنالوجی اور تکنیکی تعلیم محکمہ کی سکریٹری ڈاکٹر پرتیما ایس ورما نے بہار انجینئرنگ یونیورسٹی اور صحت محکمہ کے سکریٹری لوکیش کمار سنگھ نے بہار صحت سائنس یونیورسٹی کی عمارت کے تعمیراتی کام سے متعلق معلومات فراہم کیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کے طلبہ کو اعلیٰ سطحی تکنیکی تعلیم دینے کے لئے ان دونوں یونیورسٹیوں کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ان یونیورسٹیوں کی تمام عمارتوں کا کام بہتر طریقے سے اور تیزی سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میٹھاپور کے اس علاقے میں چندرگپت مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ، آریہ بھٹ نالج یونیورسٹی، نِفٹ، چانکیہ لا یونیورسٹی اور مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یونیورسٹی جیسے بڑے تعلیمی ادارے قائم ہیں۔
ان دونوں یونیورسٹیوں کے مکمل ہونے سے یہ علاقہ مزید بہتر نظر آئے گا۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 27 جولائی 2022 کو بہار انجینئرنگ یونیورسٹی کی بنیاد رکھی تھی اور اس کے لئے میٹھاپور، پٹنہ میں 5 ایکڑ زمین الاٹ کی گئی تھی۔ مرکزی عمارت چار منزلہ ہوگی جس کا کل تعمیر شدہ رقبہ 1,11,732 مربع فٹ ہے۔ اس کے گراؤنڈ فلور پر ڈین کا دفتر، رجسٹرار کا دفتر، کیفے ٹیریا اور دیگر دفاترہیں، پہلی منزل پر وائس چانسلر کا دفتر، میٹنگ ہال اور ایویلیوایشن سینٹر، دوسری منزل پر دفاتر، ایویلیوایشن سینٹر اور اسٹور روم، تیسری منزل پر پانچ آرکائیو روم اور اسٹور روم، جبکہ چوتھی منزل پر ایویلیوایشن سینٹر اور دو بڑے ملٹی پرپز ہال ہوں گے۔ اس کے علاوہ ایک گیسٹ ہاؤس بھی بنایا جا رہا ہے جس میں آٹھ کمرے اور چار سوئٹ روم ہوں گے۔ یہاں ایک کیئر ٹیکر ہاؤس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ریاست میں معیاری طبی تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے سات نشچے-2 اسکیم کے تحت بہار صحت سائنس یونیورسٹی کے نئے عمارت کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ اس عمارت کا کل رقبہ 27,567 مربع میٹر ہے۔
منصوبے کے دو حصے ہیں: پہلا حصہ مرکزی یونیورسٹی عمارت (12,645 مربع میٹر) جس میں انتظامی و تعلیمی عمارت، امتحان ہال، فارمیسی، ملٹی پرپز اسٹیج، ویٹنگ روم، انفارمیشن سینٹر، انرولمنٹ برانچ، چانسلر روم، ٹریننگ و پلیسمنٹ برانچ وغیرہ شامل ہیں۔ دوسرا حصہ سب بلڈنگ (14,922 مربع میٹر) ہے۔ جس میں وائس چانسلر ہاؤس، یونیورسٹی گیسٹ ہاؤس اور ملٹی پرپز آڈیٹوریم کی سہولت ہوگی۔
معائنہ کے دوران وزیر آبی وسائل و پارلیمانی امور وجے کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری پرتَی امرت، سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ کی سکریٹری ڈاکٹر پرتیما ایس ورما، صحت محکمہ کے سکریٹری لوکیش کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ، بہار میڈیکل سروسز و انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر نیلیش رام چندر دیورے، ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیَگ راجن ایس ایم، بہار انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سریش کانت ورما، بہار صحت سائنس یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر بندے کمار سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔



