پٹنہ میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کی اختتامی تقریب میں گرجے ہیمنت سورین
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، یکم ستمبر: بہار کی راجدھانی پٹنہ میں کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی جانب سے منعقدہ ’ووٹر رائٹس یاترا‘ ریلی میں جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے اسپیشل انٹینسیو ووٹر ریویژن (SIR) کے عمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’ہمارا ووٹ ہمارے آئین کی حفاظت کرتا ہے‘۔ ان کا الزام تھا کہ ووٹروں کی فہرست بی جے پی کی مرضی کے مطابق تیار کی جا رہی ہے۔
بی جے پی عوام کے حقوق چھین رہی ہے
جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے سپریمو اور ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے پیر کو پٹنہ میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی این ڈی اے حکومت SIR کے نام پر عوام کے بنیادی حقوق سلب کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹر لسٹ حکمران اتحاد کی مرضی کے مطابق تیار کی جا رہی ہے، جو انتخابی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔
’ووٹر ادھیکاریاترا‘ کی اختتامی تقریب میں شرکت ہوئے ہیمنت سورین
بہار میں کانگریس کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے اختتام کے موقع پر منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جے ایم ایم لیڈر ہیمنت سورین نے این ڈی اے حکومت پر’ تقسیم کرو اور حکومت کرو‘ کی پالیسی اپنانے کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نے انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (INDIA) کے تمام اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ حکمران اتحاد کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے متحد رہیں۔

ہیمنت سورین نے بی جے پی پر’ ووٹ چوری ‘ کا الزام لگایا
ہیمنت سورین نے بی جے پی پر ’ووٹ چوری‘ اور ریاستی حکومتوں کو گرانے کے لیے ایم ایل ایز کی خرید و فروخت (ہارس ٹریڈنگ) میں ملوث ہونے کا بھی الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED)، سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (CBI) اور دیگر مرکزی ایجنسیوں کا استعمال اپوزیشن لیڈروں کے خلاف کر رہی ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا: ’’ہمارا ووٹ، ہمارے آئین کی حفاظت کرتا ہے‘‘۔
یاترا کا سفر اور مقصد
’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا آغاز 17 اگست کو ساسارام، بہار سے ہوا اور یہ 16 دنوں میں تقریباً 1300 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے بہار کے 25 اضلاع سے گزری۔ یاترا کا مقصد ووٹر فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں، خاص طور پر ’ووٹ چوری‘ جیسے معاملات کے خلاف عوام میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ اس یاترا کو راہل گاندھی کی قیادت میں انڈیا اتحاد (INDIA) کی اہم کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔
رہنماؤں کی شرکت اور اختتام
پٹنہ میں یاترا کے اختتامی جلسے میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، پرینکا گاندھی، لالو پرساد یادو، تیزسوی یادو، اکھلیش یادو، ہیمنت سورین، یوسف پٹھان، للتیش تریپاٹھی، دیپانکر بھٹاچاریہ، سنجے راوت، سپریا سُلے اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی۔ راہل گاندھی نے جلسے کے اختتام پر کہا کہ یہ یاترا جمہوریت اور آئین کی حفاظت کے لیے ایک عوامی تحریک ہے، جو اب پورے ملک میں پھیلنے والی ہے۔
वोटर अधिकार यात्रा… pic.twitter.com/EiJRosORMd
— Hemant Soren (@HemantSorenJMM) September 1, 2025



