افسران سے کہاعقیدت مندوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو اس کا خیال رکھیں
پٹنہ، 26 دسمبر (یواین آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جمعہ کو گرو گووند سنگھ جی مہاراج کے 359ویں پرکاش پرو کے موقع پر افسران کو ہدایت دی کہ تمام عقیدت مندوں کی سہولتوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مسٹر کمار نے آج گرو گووند سنگھ جی مہاراج کے 359ویں پرکاش پرو کے موقع پرکئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور اس سے متعلق مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے پرکاش اتسو کے موقع پر آنے والے عقیدت مندوں کے لیے رہائش سمیت دیگر سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ مائیکرو لیول پر ہر ایک چیز پر نظر رکھیں، تاکہ کسی بھی عقیدت مند کو کسی طرح کی دشواری نہ ہو۔وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے افسران کو ہدایت دی کہ پرکاش پرو کے دوران آنے والے تمام عقیدت مندوں کی سہولتوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور انہیں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں عقیدت مندوں کی سہولتوں کو لے کر کئی کام کیے گئے ہیں اور ایک ایک چیز پر توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے جو سکھ عقیدت مند ہیں، ان کے لیے یہ ایک نہایت اہم مقام ہے۔ بہار کے باشندوں کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ گرو گووند سنگھ جی مہاراج کی پیدائش یہیں ہوئی تھی۔ یہاں بڑی تعداد میں باہر سے لوگ آ رہے ہیں، اس لیے ہم سب کو اس بات کا خیال رکھنا ہے کہ وہ یہاں سے خوش ہو کر واپس جائیں۔وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے پٹنہ صاحب میں تعمیر کیے گئے ’پرکاش پنج‘ کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کثیر المقاصد پرکاش مرکز اور باغیچہ منصوبے میں نمائش کے لیے پیش کیے گئے سکھ مذہب کے روحانی اسباق، نمائشوں اور فنون کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے پرکاش پنج کے سامنے زیر تعمیر واچ ٹاور کا بھی معائنہ کیا اور کام کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ واچ ٹاور کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہاں سے عقیدت مند پرکاش پنج کو بہتر طریقے سے دیکھ سکیں گے۔ واچ ٹاور کے احاطے کو سرسبز اور دلکش بنایا جا رہا ہے۔ یہاں تالاب کی تعمیر کے ساتھ ساتھ گھومنے اور بیٹھنے کے لیے بھی انتظام کیا جا رہا ہے، تاکہ یہاں آنے والے عقیدت مند اور مقامی لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔اس کے بعد مسٹر کمار نے پٹنہ سٹی کے مالسلامی علاقے میں نو تعمیراو۔پی۔ساہ کمیونٹی بھون کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے عقیدت مندوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے صفائی اور سلامتی کے حوالے سے بھی ضروری ہدایات دیں۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ مسٹر کمار کنگن گھاٹ پہنچے۔ انہوں نے کنگن گھاٹ میں عقیدت مندوں کے لیے بنائی گئی ٹینٹ سٹی کا معائنہ کیا اور وہاںکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ افسران نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ یہاں ملٹی لیول پارکنگ کی تعمیر کرائی جائے گی۔معائنے کے دوران آبی وسائل و پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری دیپک کمار، محکمہ سیاحت کے سیکریٹری لوکیش کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری کمار روی، ڈاکٹر چندرشیکھر سنگھ، پٹنہ ڈویژن کے کمشنر انیمیش پراسر، پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن ایس۔ ایم۔، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کارتکیہ کے۔ شرما سمیت دیگر افسران اور پرکاش پرو انعقاد کمیٹی سے وابستہ افراد موجود تھے۔



