ہومBiharجامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر میں تعلیمی سال کے آغاز پر افتتاحی تقریب...

جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر میں تعلیمی سال کے آغاز پر افتتاحی تقریب کا انعقاد

اپنے کردار اور فکر کو اعلیٰ بنانا طلبہ عزیز کے لئے نہایت ضروری: حضرت امیر شریعت

 مونگیر,16 اپریل 2026  ( راست ): جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر ایک باوقار، روح پرور اور یادگار افتتاحی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس نورانی مجلس میں اساتذۂ کرام، معزز مہمانان اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس سے ماحول علمی سنجیدگی اور روحانی کیفیت سے معمور ہوگیا۔ تقریب کا آغاز جامعہ کے استاذ قاری محمد وسیم صاحب کی پرسوز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ مہمانِ گرامی قاری صدرالعلیٰ فرقانی صاحب لکھنوی نے بھی تلاوت کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں محمد انصار متعلم جامعہ رحمانی نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کرکے سامعین کے قلوب کو گرما دیا۔سرپرستِ محترم امیرِ شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب دامت برکاتہم نے اپنے کلیدی خطاب میں طلبہ کو نہایت قیمتی نصیحتیں کرتے ہوئے فرمایا کہ جامعہ سے فراغت کے بعد آپ دین کے داعی، ملت کے سپاہی اور قوم کے معلم بن کر نکلیں گے، اسلیے اپنے کردار اور فکر کو اعلیٰ بنانا نہایت ضروری ہے، ایسے صالح اور مخلص دوستوں کا انتخاب کریں جو آپ کے دینی سفر میں معاون ہوں اور کسی نہ کسی استاذ سے مستقل رہنمائی حاصل کرتے رہیں نیز تقویٰ کی اہمیت کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں اور اپنے دلوں میں یہ احساس زندہ رکھیں کہ اللہ تعالیٰ ہماری ہر حرکت کو دیکھ رہا ہے، اساتذہ کے ادب و احترام کو لازم پکڑیں اور جامعہ کے ماحول و ثقافت کو سمجھنے کی سنجیدہ کوشش کریں۔ جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کے ناظم تعلیمات و استاذ حدیث مولانا جمیل احمد صاحب مظاہری نے کہا کہ آپ نے ایک ایسے ادارے کا انتخاب کیا ہے جہاں کی تعلیم و تربیت کا نظام پورے ملک میں ایک امتیازی حیثیت رکھتی ہے  اور اس عظیم ادارے کی نسبت کی وجہ سے یہاں کے فارغین بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ شیخ الحدیث مولانا ومفتی محمد اظہر حسین صاحب مظاہری نے نماز کی اہمیت پر نہایت مؤثر انداز میں روشنی ڈالی اور فرمایا کہ نماز وہ عظیم عبادت ہے جو معراج کی شب اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کو عطا فرمائی۔ نبی کریم ﷺ نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا ہے اس لیے طلبہ پر لازم ہے کہ وہ نماز کی پابندی کو اپنی زندگی کا لازمی جزو بنائیں۔ مولانا محمد خالد رحمانی صاحب قاسمی نے اپنے خطاب میں خوفِ خدا، تقویٰ اور پرہیزگاری کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ ایک طالب علم کو اپنے کردار کو پاکیزہ بنانا چاہیے۔ اگر آپ دنیا میں نفع بخش بننا چاہتے ہیں تو سورج کی طرح وقت کے پابند بنیں اور معاشرے کی تاریکیوں کو دور کرنے کا عزم رکھیں۔ انہوں نے خصوصیت کے ساتھ صباحی مجلس میں حاضری کی تاکید کی۔ مہمانِ گرامی مولانا ابوسفیان سعید صاحب ندوی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ عربی زبان و ادب پر عبور حاصل کرنا ایک داعی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے طلبہ کو اسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اخلاص اور محنت کے ساتھ علم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔مولانا عبدالعلیم رحمانی ازہری صاحب نے خانقاہ رحمانی اور جامعہ رحمانی کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ خانقاہ رحمانی اس ادارہ کی اصل بنیاد ہے جبکہ جامعہ رحمانی ایک اہم فرع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اکابرینِ ملت نے دین کی حفاظت اور اشاعت کے لیے عظیم قربانیاں پیش کیں اور اسی تسلسل میں جامعہ رحمانی کا قیام عمل میں آیا۔

 مولانا ومفتی عبدالاحد رحمانی ازہری صاحب نے حکیمانہ انداز میں طلبہ کو موبائل کے نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے فرمایا کہ موبائل علم کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم دودھ کی مانند مفید ہے جبکہ موبائل زہر کی طرح نقصان دہ اسلیے اس سے حتی المقدور اجتناب ضروری ہے۔

 افتتاحی تقریب کا مجموعی انتظام وانصرام الحاج مولانا محمد عارف صاحب رحمانی کے زیر اہتمام انجام پایا جبکہ نظامت مولانا ومفتی سیف الرحمن صاحب ندوی نے نہایت حسن و خوبی کے ساتھ انجام دی۔ اپنے خطابی کلمات میں انہوں نے فرمایا کہ جامعہ میں ہمارا مقصد صرف تعلیم حاصل کرنا نہیں بلکہ عالمی سطح پر دینِ اسلام کا پیغام پہنچانا ہے کیونکہ ہم نبی آخر الزماں ﷺ کے نمائندے ہیں۔

یہ صد افتخار افتتاحی تقریب علمی و روحانی تاثیرات کے ساتھ حضرت امیر شریعت صاحب کی رقت آمیز دعا پر اپنے اختتام کو پہنچی اور طلبہ کے اندر ایک نیا عزم، تازہ ولولہ اور دینی جذبہ پیدا کر گئی۔
Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات