بھارتیہ جنتا پارٹی کے آٹھ، جنتا دل یونائیٹڈ کے چھ اور ایل جے پی (رام ولاس) کے ایک امیدوار 50 ہزار سے زیادہ سے جیتے
پٹنہ، 18 نومبر (یواین آئی) بہار اسمبلی انتخابات میں اس بار 15 نشستوں پر 50 ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے جیت اور ہار کا فیصلہ ہوا۔بہار کے اس بار کے انتخاب میں روپولی، دیگھا،سگولی، گوپال پور، اورائی، عالم نگر، راجگیر(محفوظ)، دھمداہا، جھنجھارپور، جموئی، پیرپینتی (محفوظ)، بتھناہا، بانکی پور، روسڑا (محفوظ) اور کہلگاوں کی 15 نشستوں پر جیت اور ہار کا فرق 50 ہزار سے زیادہ ووٹوں کا رہا۔بہار انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حلیف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے آٹھ، جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے چھ اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے ایک امیدوار نے 50 ہزار سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شاندار جیت حاصل کی۔روپولی اسمبلی نشست پر سب سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے جیت اور ہار کا فیصلہ ہوا۔ جے ڈی یو کے امیدوار کلادھر پرساد منڈل نے 73572 ووٹوں کے فرق سے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی امیدوار اور سابق وزیر بیمہ بھارتی کو شکست دی۔ مسز بیمہ بھارتی اس نشست سے پانچ بار اپنی طاقت دکھا چکی ہیں، جبکہ کلادھر پرساد منڈل نے یہاں پہلی بار جیت کا پرچم لہرایا۔ اس نشست پر سبکدوش آزادرکن اسمبلی شنکر سنگھ تیسرے نمبر پر رہے۔مالدہ آم کے لئے مشہور دیگھا اسمبلی حلقے سے سکم کے سابق گورنر گنگا پرساد کے بیٹے اور بی جے پی کے سبکدوش رکن اسمبلی سنجیو چورسیا نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ۔ لیننسٹ (سی پی آئی۔ایم ایل) کی امیدوار دیویہ گوتم کو 59079 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ دیویہ گوتم آنجہانی ا داکار سشانت سنگھ راجپوت کی رشتہ دار ہیں۔سگولی نشست سے لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے امیدوار اور سابق رکن قانون ساز کونسل راجیش کمار عرف ببلو گپتا نے آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پڑتاپ یادو کی پارٹی جن شکتی جنتا دل کے امیدوار شیام کشور بھارتی کو 58191 ووٹوں کے فرق سے ہرایا۔گوپال پور اسمبلی نشست سے جے ڈی یو کے امیدوار اور سابق رکن پارلیمنٹ شیلش کمار عرف بولو منڈل نے وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے امیدوار پریم ساگر عرف ڈبلو یادو کو 58135 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ اس بار کے انتخاب میںگوپال پور اسمبلی نشست پر چار بار کے رکن اسمبلی نریندر کمار نیرج عرف گوپال منڈل کو جے ڈی یو نے ٹکٹ نہیں دیا تھا۔ وہ آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترے تھے لیکن تیسرے نمبر پر رہے۔اورائی اسمبلی نشست سے سابق رکن پارلیمنٹ اجے نشاد کی اہلیہ اور بی جے پی امیدوار رما نشاد نے وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے امیدوار بھوگندر سہنی کو 57206 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر پہلی بار اسمبلی میں جگہ بنائی۔عالم نگر اسمبلی نشست سے بہار اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور جے ڈی یو کے قد آور رہنما نریندر نارائن یادو نے وی آئی پی کے امیدوار نوین کمار کو 55465 ووٹوں کے فرق سے شکست دی اور آٹھویں بار اسمبلی پہنچے۔راجگیر (محفوظ) اسمبلی نشست سے ہریانہ کے سابق گورنرستیہ دیو نارائن آریہ کے بیٹے اور سبکدوش رکن اسمبلی کوشل کشور نے سی پی آئی۔ایم ایل کے امیدوار وشوناتھ چودھری کو 55428 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر یہ نشست دوبارہ اپنے نام کر لی۔
دھمداہا اسمبلی نشست سے بہار حکومت میں خوراک و صارفین تحفظ کی وزیر اور جے ڈی یو امیدوار لیسی سنگھ نے سابق رکن پارلیمنٹ اور آر جے ڈی امیدوار سنتوش کمار کو 55159 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر چھٹی بار اسمبلی پہنچیں۔جھنجھارپور اسمبلی نشست سے سابق وزیراعلیٰ جگن ناتھ مشرا کے بیٹے اور بہار حکومت میں وزیرصنعت بی جے پی امیدوار نتیش مشرا نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے امیدوار رام نارائن یادو کو 54849 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر پانچویں بار انتخابی میدان میں اپنی طاقت دکھائی۔ جگن ناتھ مشرا نے بھی اس نشست پر پانچ بار نمائندگی کی ہے۔جموئی اسمبلی نشست سے سابق مرکزی وزیر گ وجے سنگھ اور سابق رکن پارلیمنٹ پتل کماری کی بیٹی اور بین الاقوامی شوٹر بی جے پی کی سبکدوش رکن اسمبلی شریاسی سنگھ نے آر جے ڈی کے امیدوار شمساد عالم کو 54498 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار اسمبلی میں جگہ بنائی۔پیرپینتی (محفوظ) سے بی جے پی امیدوار مراری پاسوان نے آر جے ڈی کے امیدوار اور سابق رکن اسمبلی رام ولاس پاسوان کو 53107 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر پہلی بار رکن اسمبلی بنے۔ بی جے پی نے یہاں اپنے رکن اسمبلی للن کمار کا ٹکٹ کاٹ کر مراری پاسوان کو امیدوار بنایا تھا جو پارٹی کی توقعات پر پورے اترے۔بتھناہا اسمبلی نشست سے بی جے پی کے سبکدوش امیدوار انیل کمار نے کانگریس امیدوار نوین کمار کو 51769 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر دوسری بار اسمبلی میں رسائی حاصل کی۔بانکی پور اسمبلی نشست سے بہار حکومت کے وزیر اور بی جے پی کے سبکدوش رکن اسمبلی نتین نوین نے آر جے ڈی کی امیدوار ریکھا کماری کو 51396 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر انتخابی چوکا لگایا۔روسڑا (محفوظ) اسمبلی نشست سے بی جے پی کے سبکدوش رکن اسمبلی ویرندر کمار نے کانگریس امیدوار اور سابق پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) وی کے روی کو 50533 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مسٹر روی کے حق میں روڈ شو بھی کیا تھا، لیکن اس کا فائدہ انہیں نہیں پہنچا۔کہلگاوں نشست سے قد آور رہنما رہے آنجہانی سدانند سنگھ کے بیٹے شبھانند مکیش نے جھارکھنڈ حکومت کے وزیر سنجے یادو کے بیٹے اور آر جے ڈی امیدوار رجنیش بھارتی کو 50112 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دے کر پہلی بار اسمبلی میں قدم رکھا۔ بی جے پی سے ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض سبکدوش رکن اسمبلی پون کمار یادو آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترے تھے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ کہلگاؤں اسمبلی نشست پر سب سے زیادہ نو بار سدانند سنگھ نے فتح حاصل کی ہے۔



