پٹنہ17 نومبر (راست) امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ نے مکہ سے مدینہ جانے والی ایک بس کےدردناک حادثہ کا شکار ہونے اور اس حادثہ میں 42 ہندوستانی زائرین کے جان بحق ہونے پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا ہے، آپ نے فرمایا کہ یقیناً یہ حادثہ نہایت ہی غمناک اور درد ناک ہے لیکن خداکےفیصلہ پر راضی ہونا ہی ایمان کی علامت اور ایسے موقع پر صبر وشکیبائی کا دامن تھامنا ہی مومنانہ شان ہے آپ نے اس حادثہ میں جان بحق ہونے والے زائرین کے اہل خانہ اور متعلقین سے اظہار تعزیت کرتےہوئے کہا کہ میں اس غم میں برابر کا شریک ہوں اور دعا کرتاہوں کہ جس مقدس سفر پہ یہ حضرات رواں دواں تھے اللہ اس سفر میں کئےگئے ایک ایک عمل کو قبول فرمائے اور جنت کے اعلیٰ مقام میں جگہ نصیب فرمائے نیز اہل خانہ اور متعلقین کو صبر جمیل سے نوازے ،اطلاع کے مطابق جاں بحق ہونے والےیہ تمام حضرات تلنگانہ کے حیدر آباد کے رہنے والے تھے ،تلنگانہ حکومت نے اس سلسلہ میں ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے ،حضرت امیر شریعت مدظلہ نے سعودی حکومت اور تلنگانہ حکومت کو متوجہ کیا ہے کہ اس حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو معقول معاوضہ دے اورسعودی حکومت اس حادثہ کی صحیح جانچ کرائے اور آئندہ اس طرح کے حادثے رونما ں نہ ہو اسے یقینی بنا نے کی کوشش کی جائے ،اس موقع پر ناظم امارت شرعیہ مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی صاحب نے بھی گہرےدرد و غم کا اظہار کرتےہوئے حادثہ کا شکارہونے والے زائرین کے لئے ترقی درجات کی دعا کی ہے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ صرف چند خاندان کا نہیں بلکہ پوری ملت کےلئے غم ناک سانحہ ہے ،اللہ تعالیٰ اہل خانہ کو صبر کرنے کی پوری ہمت عطا فرمائے ۔



