پھلواری شریف،15 نومبر (راست) : امارت شرعیہ، پھلواری شریف پٹنہ کے زیرِ انتظام امارت پبلک اسکول گریڈیہ میں یومِ تعلیم اور یومِ اطفال کے موقع پر کھیل کود (اسپورٹس) پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر امارت شرعیہ کے معاون ناظم اور امارت پبلک اسکولس کے نگران مولانا محمد ابوالکلام شمسی اور قاضی شریعت دارالقضاء بتیا مولانا مفتی شمس الحق خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
اسپورٹس ویک میں مختلف کھیلوں میں بچوں نے بھرپور حصہ لیا اور اختتامی دن ہر گروپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اسناد، میڈل اور انعامات سے نوازا گیا۔ بچوں کی صلاحیتوں کو دیکھ کر گارجین حضرات نے خوشی کا اظہار کیا اور اساتذہ کی محنت کی تعریف کی۔مولانا محمد ابوالکلام شمسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچے ہماری اجتماعی امانت ہیں، اس لیے ان کی تعلیم کے ساتھ تربیت پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ امیر شریعت مفکر ملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی ہدایت کے مطابق تمام اسکولوں میں روزانہ ایک پریڈ اور کھیل کود کا سیشن رکھا جا رہا ہے، جس سے بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما میں بہتری آ رہی ہے۔
مولانا مفتی شمس الحق صاحب نے بھی اپنے انداز میں اساتذہ اور والدین کو نصیحت کی اور اسکول کے تعلیمی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پروگرام میں غلام محبوب گریڈیہ بھی شریک رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکول سابق امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی رحمہ اللہ کی یادگار ہے اور موجودہ امیر شریعت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی صاحب مختلف مقامات پر تعلیمی اداروں کے قیام میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت و عمرِ دراز عطا فرمائے تاکہ وہ ملت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔تقریب کے بعد اساتذہ کرام کے ساتھ ایک میٹنگ بھی منعقد ہوئی، جس میں تعلیمی، تربیتی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا اور نصاب کی تکمیل سمیت آئندہ سیشن میں مزید بہتری لانے پر گفتگو ہوئی۔ گارجین حضرات کی جانب سے کیمپس کی چند ضروریات کی نشاندہی کی گئی جنہیں انتظامیہ نے مثبت انداز میں قبول کیا اور اسکول کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ پورا پروگرام بچوں کی حوصلہ افزائی، اساتذہ کی محنت اور والدین کے تعاون کی ایک خوبصورت مثال ثابت ہوا۔



