گوپال گنج، 09 مارچ (یواین آئی) : بہار کے گوپال گنج ضلع میں آئندہ گرمی کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے پینے کے پانی کی فراہمی کو بحال رکھنے کے لیے ضلع مجسٹریٹ پون کمار سنہا نے پیر کو کلکٹریٹ احاطہ سے موبائل ہینڈپمپ مرمتی دستے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔پبلک ہیلتھ ڈویژن کی جانب سے تشکیل دیا گیا یہ دستہ ضلع کے تمام 14 بلاکوں میں جا کر خراب پڑے چاپاکلوں کی مرمت کرے گا، تاکہ گرمی کے موسم میں لوگوں کو پینے کے پانی کے بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے لیے پنچایت وار روسٹر تیار کیا گیا ہے اور عوامی نمائندوں سے بند پڑے چاپاکلوں کی فہرست لے کر ترجیحی بنیادوں پر مرمت کی جائے گی۔ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد اس کی معلومات محکمہ جاتی پورٹل پر آن لائن درج کی جائیں گی، جس سے نگرانی اور شفافیت برقرار رہے گی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع میں کل 28,204 چاپاکل نصب ہیں، جن میں سے 462 چاپاکل فی الحال مرمت کے قابل پائے گئے ہیں۔ گرمی کے دوران ان کی مرمت کو یقینی بنانے کے لیے یہ دستہ آئندہ دو مہینوں تک مسلسل سرگرم رہے گا۔اس کے ساتھ ہی پینے کے پانی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ عام لوگ ٹیلی فون نمبر 06156-224742 پر چاپاکل یا پینے کے پانی سے متعلق مسئلے کی اطلاع دے سکتے ہیں۔ ضلع انتظامیہ کو امید ہے کہ اس پہل سے گرمی کے موسم میں پینے کے پانی کی فراہمی بہتر برقرار رہے گی۔



