بہار کی صنعتی کایا پلٹ کے لیے بڑے روڈ میپ کا اعلان
جدید بھارت نیوز سروس
بہار شریف، 26 مارچ: وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جمعرات کو اپنی ‘سمردھی یاترا ‘ کے دوران ضلع نالندہ کے دیپ نگر اسٹیڈیم میں ایک عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی صنعتی اور معاشی تقدیر بدلنے کا جامع منصوبہ پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نالندہ میں جاری تمام ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا اور افسران کو ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی سخت ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں ‘سمردھ ادیوگ، سشکت بہار ‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگلے پانچ سالوں میں حکومت کی تمام تر توانائیاں ریاست میں صنعت کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر صرف کی جائیں گی۔انہوں نے ریاست میں بڑی صنعتوں کے قیام کے لیے ایک انقلابی پالیسی کا اعلان کیا جس کے تحت حکومت اب سرمایہ کاروں کو مفت زمین اور بھاری مالی گرانٹ فراہم کر رہی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد بہار کے نوجوانوں کے لیے مقامی سطح پر بڑے پیمانے پر ملازمتیں پیدا کرنا ہے تاکہ معاشی ہجرت کو روکا جا سکے اور ریاست کی اقتصادی ترقی کو عالمی معیار کے مطابق رفتار دی جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ ریاست کی بند پڑی پرانی چینی ملوں کو دوبارہ فعال کیا جائے گا تاکہ دیہی معیشت کو سہارا مل سکے۔
زرعی شعبے میں جدت لانے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے ایک نئے “بہار مارکیٹنگ پروموشن کارپوریشن” کے قیام کا اعلان کیا جو کسانوں کی مصنوعات کو بہتر مارکیٹ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مکھانہ کی پیداوار، ڈیری فارمنگ اور ماہی پروری جیسے شعبوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنے کی بات کی تاکہ زراعت سے وابستہ افراد کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہو سکے۔نالندہ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بختیارپور، بہار شریف اور رجولی سڑک کے ساتھ ساتھ بہار شریف، ایکنگرسرائے، ہلسہ، اسلام پور اور راجگیر جیسے اہم شہروں میں بائی پاس سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں تاکہ ٹریفک کے مسائل حل ہو سکیں۔ تعلیم اور تکنیکی مہارت کے شعبے میں انہوں نے نالندہ کے تمام سب ڈویژنز میں انجینئرنگ کالج، پولی ٹیکنک ادارے، خواتین آئی ٹی آئی اور جی این ایم و اے این ایم تربیتی اداروں کے قیام کو اپنی حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیا۔عوامی اجتماع سے قبل وزیراعلیٰ نے ضلع کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی جس میں ضلع مجسٹریٹ کندن کمار نے ایک جامع پریزنٹیشن کے ذریعے تمام منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ نتیش کمار نے افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ تمام ادھورے منصوبوں کو پوری لگن اور حساسیت کے ساتھ مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے اور ‘سات نشچے-3’ کے تحت طے شدہ اہداف کو ہر صورت حاصل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی سستی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری اسکیموں کا فائدہ براہِ راست مستحق عوام تک پہنچنا چاہیے۔



