ملماس میلہ 2026 کی تیاریوں کے حوالے سے سخت ہدایات جاری
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 14 فروری: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہفتہ کو نوادہ ضلع کے نارد گنج بلاک کے موتناجے گاؤں کے قریب واقع گنگا جی-راجگیر آبی ذخیرہ (ریزروائر) کا معائنہ کیا اور حکام کو اسے منظم، صاف ستھرا اور ماحول دوست بنائے رکھنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے آبی ذخیرہ کے احاطے کا دورہ کر کے وہاں کے انتظامات کی معلومات حاصل کیں۔حکام نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ گنگا جی واٹر سپلائی اسکیم پر بہتر طریقے سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ ان کی ہدایت پر حفاظتی نقطہ نظر سے اس آبی ذخیرہ کے چاروں طرف لوہے کی جالی لگائی گئی ہے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ گنگا جی واٹر سپلائی اسکیم کے تحت گیا جی، بودھ گیا، نوادہ اور راجگیر میں لوگوں کو گنگا کا پانی خالص پینے کے پانی کے طور پر فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ لوگوں کو مسلسل صاف پانی فراہم کرتے رہیں اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ اس آبی ذخیرہ کے احاطے کو منظم، صاف ستھرا اور ماحول دوست رکھیں۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس کے بعد نالندہ ضلع کے راجگیر میں ‘گردھ کوٹ بھون ‘ کا معائنہ کیا اور وہاں کے انتظامات کی معلومات لی۔ انہوں نے گردھ کوٹ بھون سے ہوتے ہوئے نئے روپ وے کا جائزہ لیا اور وہاں سیاحتی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ تمام انتظامات کو بہتر طریقے سے چلایا جائے تاکہ یہاں آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے راجگیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں ملماس میلہ 2026 کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ نالندہ کے ضلع مجسٹریٹ کندن کمار نے وزیر اعلیٰ کو ملماس میلہ 2026 کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملماس میلہ 2026 کی تیاریاں بہتر طریقے سے کی جائیں۔ یہاں بڑی تعداد میں عقیدت مند آتے ہیں، اس بات کا خیال رکھا جائے کہ انہیں کوئی تکلیف نہ ہو۔ ملماس میلہ ایک ماہ تک جاری رہتا ہے، اس لیے عقیدت مندوں کی سہولت کے پیش نظر قیام، پینے کے پانی، صفائی ستھرائی سمیت بنیادی سہولیات اور سیکیورٹی کے مکمل انتظامات رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کے ساتھ ساتھ گھاٹوں کی صفائی کا انتظام بھی بہتر ہونا چاہیے۔ ملماس میلہ میں لوگوں کی بڑی تعداد پہنچتی ہے، اس لیے آمد و رفت میں آسانی کے لیے راجگیر کی طرف آنے والے ہر راستے کو درست رکھا جائے۔ اس بار بھی بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کا امکان ہے، اسے مدنظر رکھتے ہوئے ان کی رہائش، علاج، سیکیورٹی اور دیگر ضروری سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ حفاظتی انتظامات پختہ رکھے جائیں اور میلہ احاطے میں تربیت یافتہ پولیس فورس کی تعیناتی کی جائے تاکہ صورتحال کنٹرول میں رہے اور لوگ محفوظ رہیں۔معائنے کے دوران دیہی ترقی کے وزیر شرون کمار، رکن پارلیمنٹ کوشلیندر کمار، ایم ایل اے کرشن مراری شرن عرف پریم مکھیا، ایم ایل اے کوشل کشور سمیت دیگر عوامی نمائندے، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری پرتیہ امرت، محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اروند کمار چودھری، محکمہ آبی وسائل کے پرنسپل سکریٹری سنتوش کمار مل، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری انوپم کمار، کمار روی، ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ، وزیر اعلیٰ کے اسپیشل ڈیوٹی افسر گوپال سنگھ، پٹنہ ڈویژن کے کمشنر انیمیش پراشر، پٹنہ رینج کے انسپکٹر جنرل جتیندر رانا، مگدھ رینج کے انسپکٹر جنرل چھترنیل سنگھ، نالندہ کے ضلع مجسٹریٹ کندن کمار، نوادہ کے ضلع مجسٹریٹ روی پرکاش، نالندہ کے ایس پی بھارت سونی، نوادہ کے ایس پی ابھینو دھیمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔



