جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 19 مارچ: بہار بی جے پی کے صدر سنجے سراوگی پٹنہ میں واقع لوک بھون پہنچے جہاں انہوں نے بہار کے گورنر، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عطا حسنین سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ریاستی تنظیم کے جنرل سکریٹری بھیکو بھائی دلسانیا بھی ریاستی صدر سنجے سراوگی کے ساتھ موجود تھے۔ اس موقع پر ریاستی صدر سنجے سراوگی نے گورنر کو انگ وستر اور گلدستہ پیش کر کے ان کا استقبال اور خیر مقدم کیا۔ انہوں نے گورنر کی کامیاب اور شاندار مدت کار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی نے کہا کہ گورنر سید عطا حسنین ہندوستانی فوج کے سینئر اور تجربہ کار افسر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے تقریباً 40 سالہ فوجی کیریئر میں کئی اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر سید عطا حسنین کا انتظامی اور عوامی خدمت کا تجربہ بہار کے لیے کافی سودمند ثابت ہوگا۔ ان کے جذبہ حب الوطنی اور دور اندیش قیادت سے بہار کو نئی سمت اور توانائی ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس ملاقات کے دوران گورنر نے بہار کے لوگوں کی کافی تعریف کی اور ریاست کے مختلف موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے ریاست کی ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔



