Jharkhand

راج محل میں ایم ٹی راجہ نے جے ایم ایم امیدوار کی حیثیت سے پرچہ داخل کیا

67views

ووٹروں سے دھارمک جذبات کی بجائے مسائل کو دھیان میں رکھ کر ووٹ دینے کی اپیل

جدید بھارت نیوز سروس
راج محل، 24 اکتوبر :۔ راج محل اسمبلی حلقہ میں ہونے والے انتخاب کیلئے جھارکھنڈ مکتی مورچہ امیدوار ایم ٹی راجہ نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ راج محل سیٹ پر پوری مضبوطی کے ساتھ انتخاب لڑنے کی تیاری کرچکی ہے۔ ایم ٹی راجہ اس علاقہ سے پہلے بھی انتخاب لڑچکے ہیں لیکن کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ حالانکہ عوامی مسائل پر وہ لگاتار کافی سرگرم رہتے ہیں اور اس وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ انہیں پسند بھی کرتے ہیں۔ اس علاقہ کے عوامی مسائل کے بارے میں جے ایم ایم امیدوار ایم ٹی راجہ کا کہنا ہے کہ راج محل اسمبلی حلقہ میں بے شمار مسائل موجود ہیں اور جھارکھنڈ بننے کے 24 برسوں میں بھی ان کا حل نہیں کیا گیا ہے، ان پر دھیان نہیں دیا گیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ راج محل سے منک پور تک گنگا ندی پر پل کی تعمیر راج محل کے لوگوں کی پرانی مانگ ہے۔ اس مانگ پر یہاں سے منتخب ہونے والے کسی بھی رکن اسمبلی نے کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی اس کیلئے کوئی کوشش کی گئی۔ ایم ٹی راجہ نے کہا کہ صاحب گنج میں خاص محال کے مسئلے کے ساتھ ۔ ساتھ دیارہ خطے کی زمین کا سروے بھی یہاں کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ان کے مطابق راج محل اسمبلی حلقہ میں چائے ذات کے لوگوں کا غلبہ ہے اس لئے ان کا مطالبہ بھی کافی پرانا ہے کہ انہیں ایس سی یا ایس ٹی کا درجہ دیا جائے، اس پر بھی اب تک توجہ نہیں دی گئی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ صاحب گنج شہر میں فلائی اوور کی تعمیر کا مطالبہ بھی لوگوں کی جانب سے کیا جاتا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس فلائی اوور کی شہر کو بے حد ضرورت ہے ، اس کی تعمیر ہونے سے شہری علاقے میں نقل و حمل کا مسئلہ حل ہوگا۔ ایم ٹی راجہ کے مطابق نیشنل ہائیوے 80 کا حال بھی بہت برا ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف مقامی بلکہ طویل سفر کرنے والوں کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایم ٹی راجہ نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ دھارمک جذبات کا شکار ہونے کی بجائے اپنے مسائل کے حل کو دھیان میں رکھ کر اپنے نمائندے کا انتخاب کریں۔آج ایم ٹی را جہ کے پرچہ دا خل کرنے کے دوران بڑی تعداد میں جے ایم ایم کارکنان اور ان کے حا می مو جود تھے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.