کرسی جانے پر پھر چھلکا شیوراج چوہان کا درد، ابھشیک منو سنگھوی نے طنزیہ کہا ’یہ غم کیوں ختم نہیں ہوتا؟‘

مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو پھر سے اقتدار کی چابھی نہ سونپ کر موہن یادو کو صوبے کی کمان تھما دی تھی۔ اس کے بعد شیوراج چوہان نے کچھ مواقع پر اشاروں اشاروں میں اپنی تکلیف بیان بھی کی۔ حال ہی میں ایک عوامی تقریب کے دوران ان کا درد پھر سے چھلک پڑا جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو پر اب کانگریس کے سینئر لیڈر ابھشیک منو سنگھوی نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا۔
ये दुख काहे खत्म नहीं होता??#ShivrajSinghChouhanhttps://t.co/s3IfZalKRU
— Abhishek Singhvi (@DrAMSinghvi) January 9, 2024
دراصل ابھشیک منو سنگھوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیوراج سنگھ چوہان کی ویڈیو کو شیئر کیا ہے اور ساتھ میں طنز کرتے ہوئے لکھا ہے ’’یہ غم کیوں ختم نہیں ہوتا؟‘‘ ویڈیو میں شیوراج چوہان کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ’’کرسی ہے تو چرن کمل، ہٹے تو ہورڈنگ سے تصویر بھی غائب۔‘‘ سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی وزیر اعلیٰ عہدہ پر رہتا ہے تو اس کے قدم بھی کمل بن جاتے ہیں، اور جب کرسی چلی جاتی ہے تو پھر ہورڈنگ سے تصویر بھی غائب ہو جاتی ہے، جیسے کہ گدھے کے سر سے سینگ۔
