14
کانگریس کے ساتھ نہیں ہوگا اتحاد :کیجریوال نے واضح کی تصویر
نئی دہلی، یکم دسمبر :۔ (ایجنسی) ہریانہ اور مہاراشٹر کے انتخابات میں کانگریس کی کراری شکست کو دیکھ کر عام آدمی پارٹی بھی محتاط ہوگئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی انتخابات میں تنہا لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے دہلی اسمبلی انتخابات کو لے کر بڑا اعلان کیا ہے۔ اروند کیجریوال نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ عام آدمی پارٹی کا دہلی انتخابات میں کسی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ ابھی تک اروند کیجریوال نے اتحاد پر کچھ نہیں کہا تھا۔ تاہم عام آدمی پارٹی کے کئی لیڈروں نے ہریانہ انتخابات کے بعد کہا تھا کہ دہلی میں کانگریس کے ساتھ عام آدمی پارٹی کا کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ عام آدمی پارٹی پہلے ہی لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے ساتھ اتحاد دیکھ چکی ہے۔ اسے اتحاد سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ وہیں ہریانہ میں بھی سیٹوں کے تنازع کی وجہ سے کانگریس کے ساتھ اتحاد نہیں ہوسکا تھا۔حالانکہ عام آدمی پارٹی دہلی میں اکیلے الیکشن لڑنے کے اشارے ہریانہ کے انتخابات کے دوران پہلے سے ہی نظر آ رہے تھے۔ جب سیٹوں کو لے کر کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان معاملہ پھنس گیا تھا تو عام آدمی پارٹی کے کئی لیڈروں نے کہا تھا کہ دہلی میں کانگریس کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ آج جب اروند کیجریوال پریس کانفرنس کر رہے تھے تو انہوں نے نیوز 18 انڈیا کے سوال پر صاف کہہ دیا کہ عام آدمی پارٹی کا کسی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جس طرح سے ہریانہ اور مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ایسے میں عام آدمی پارٹی کے زیادہ تر لیڈر کانگریس کے ساتھ اتحاد کے حق میں نہیں تھے۔ اگلے سال دہلی میں اسمبلی انتخابات ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے ابھی سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے بعض نشستوں پر اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کیا ہے۔