National

لندن سے سنگاپور جا رہا مسافر طیارہ ٹربولنس میں پھنسا، ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران ایک شخص کی موت، درجنوں زخمی

109views

لندن سے سنگاپور جا رہے سنگاپور ایئرلائنس کے ایک طیارہ کو پرواز کے دوران سنگین ٹربولنس کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے طیارہ کو ایمرجنسی لینڈنگ کرانے کی ضرورت پڑی اور اس دوران ایک شخص کی موت واقع ہو گئی۔ درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی موصول ہو رہی ہے۔

رائٹرس کی ایک رپورٹ کے مطابق سنگاپور ایئرلائنس کے افسران نے بتایا کہ فلائٹ ایس کیو 321 ہیتھرو ہوائی اڈہ سے سنگاپور کے لیے جا رہی تھی جب اسے پرواز میں ٹربولنس کا سامنا کرنا پڑا۔ اس وجہ سے فلائٹ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3.45 بجے بینکاک میں ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔ بتایا جا رہا ہے کہ طیارہ میں سوار ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ 36 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس درمیان سنگاپور ایئرلائنس نے ایک بیان جاری کر کہا ہے کہ بوئنگ 777-300ER طیارہ 211 مسافروں اور 18 کرو ممبرس کے ساتھ لندن سے سنگاپور جا رہا تھا جب اس کی ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی۔ ایئرلائنس نے کہا کہ ہماری ترجیح طیارہ میں سوار سبھی مسافروں اور پائلٹ ٹیم کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہے۔ ہم ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تھائی لینڈ میں مقامی افسران کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور کسی بھی مدد کے لیے بینکاک میں ایک ٹیم بھیج رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایئر ٹربولنس اسے کہتے ہیں جب پرواز کے دوران طیارہ پر پڑنے والے ہوا کے دباؤ اور اس کی رفتار میں آئی اچانک تبدیلی سے جھٹکے لگتے ہیں۔ ایسی حالت میں طیارہ ہوا میں اوپر نیچے ہلنے لگتا ہے۔ ایئر ٹربولنس کے دوران طیارہ میں بیٹھے مسافروں کو معمولی جھٹکوں سے لے کر تیز اور طویل جھٹکے محسوس ہو سکتے ہیں۔ ایسے ماحول میں فلائٹ کو کنٹرول کرنا کافی مشکل ہو جاتا ہے اور کئی بار طیارہ حادثہ کا شکار بھی ہو جاتا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.