National

کالج میں دیوی سرسوتی کی بغیر ساڑی والی مورتی لگانے پر تنازعہ، ہنگامہ آرائی کے بعد جھکے منتظمین

246views

اگرتلہ: تریپورہ کی راجدھانی اگرتلہ کے قریب ایک کالج میں بغیر ساڑی کے سرسوتی کی مورتی لگانے پر ہندوتوا تنظیموں سے جڑے طلبہ نے جم کر ہنگامہ کیا۔ اس ہنگامے کے بعد مورتی کو ساڑی پہنائی گئی لیکن ہنگامہ پھر بھی ختم نہیں ہوا جس کے بعد کالج انتظامیہ نے مورتی کو ہی ہٹا دیا۔

یہ معاملہ اگرتلہ کے ’گورنمنٹ آرٹ اینڈ کرافٹ کالج‘ کا ہے جہاں بسنت پنچمی کے دن پوجا کرنے کے لیے سرسوتی کی مورتی ایستادہ کی گئی تھی جسے روایتی ساڑی کے بجائے کوئی دیگر لباس پہنا دیا گیا تھا۔ اس کی ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہونی شروع ہوئی اے بی وی پی اور دیگر ہندوتوا تنظیموں کے اراکین نے احتجاج کرنا شروع کر دیا۔ اس کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی کالج پہنچ گئی جس نے حالات کو بگڑنے سے بچایا۔

ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) اور بجرنگ دل کے حامیوں کا ایک گروپ 14 فروری کو اگرتلہ کے قریب لیچوبگن واقع گورنمنٹ کالج آف آرٹ اینڈ کرافٹ میں مبینہ طور پر زبردستی داخل ہوا اور ہنگامہ برپا کرنا شروع کر دیا۔ ہنگامہ کے پیشِ نظر کالج انتظامیہ نے مورتی کو ساڑی پہنا دی لیکن لوگ پھر بھی افرا تفری مچاتے رہے۔ اس کے بعد کالج انتظامیہ نے مورتی کو ہی ہٹا کر اسے پیک کر دیا اور اس کی جگہ پر دوسری مورتی لگا دی۔

انگریزی روزنامہ انڈین ایکسپریس میں شائع گورنمنٹ کالج آف آرٹ اینڈ کرافٹ کے پرنسپل انچارج ابھیجیت بھٹاچاریہ کے بیان کے مطابق ’’مورتی کو پہنائے گئے کپڑے جنوبی ہند میں موجود دیگر مورتیوں کو پہنائے جانے والے کپڑوں کی ہی طرح تھے۔ ایسے کپڑے جنوبی ہند کے کئی مندروں میں مورتیوں کو پہنے ہوئے آپ دیکھ سکتے ہیں۔ اس سے ہمارا مقصد کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا ہرگز نہیں تھا۔ جب کچھ لوگوں نے اس کے خلاف احتجاج کیا اور بات ہم تک پہنچی تو ہم نے فوری طور پر نہ صرف مورتی کو ساڑی پہنائی بلکہ بعد میں مورتی کو ہی تبدیل کر دیا۔‘‘

اس ضمن میں بجرنگ دل کے تریپورہ یونٹ کے کوآرڈینیٹر توتن داس نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’’سوشل میڈیا پر روایتی ساڑی کے بغیر سرسوتی کی ایک ویڈیو شیئر ہو رہی تھی۔ پوجا شروع ہونے سے پہلے ہم کالج پہنچے اور منتظمین کو مجبور کیا کہ وہ مورتی کو ساڑی پہنائے۔‘‘ وی ایچ پی کے اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر (مہم) سوربھ داس نے طلبہ کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’گورنمنٹ کالج آف آرٹ اینڈ کرافٹ کے طلباء کی طرف سے سرسوتی کی توہین کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ وی ایچ پی ہندو دیوی دیوتاؤں کی کوئی بھی توہین برداشت نہیں کرے گی۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.