وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری اور شلپی نیہا ترکی نے کی نقاب کشائی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،3؍جون: مولانا آزاد کالونی میں صحت کی خدمات کے شعبے میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا جب جدید سہولیات سے آراستہ ’مائرہ پولی کلینک‘ کا شاندار افتتاح حکومت جھارکھنڈ کے وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری اور وزیر زراعت شلپی نیہا ترکی نے کیا۔ تقریب میں رانچی کے سول سرجن ڈاکٹر پربھات کمار، جھارکھنڈ وقف بورڈ کے رکن ابرار احمد، انجمن اسلامیہ کے صدر مختار احمد سمیت بڑی تعداد میں ڈاکٹر اور ماہرین تعلیم موجود تھے۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد بانی ڈاکٹر تابان رضوی نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ مائرہ پولی کلینک صرف ایک طبی ادارہ نہیں، بلکہ علاقے کے غریب، مزدور، متوسط اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے امید اور اعتماد کا مرکز ہے۔اس موقع پر مہمان خصوصی وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ صحت کسی بھی معاشرے کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ معیاری صحت کی سہولیات سماج کے آخری فرد تک پہنچیں۔ انہوں نے مائرہ پولی کلینک کے قیام کو ایک قابل تعریف پہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ صرف علاج کا مرکز نہیں بلکہ انسانی خدمت کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں دستیاب جدید تشخیصی سہولیات، ماہر ڈاکٹروں کی خدمات اور 24 گھنٹے ہنگامی طبی نظام علاقے کے ہزاروں خاندانوں کے لیے راحت کا باعث بنے گا۔ انہوں نے بانی ڈاکٹر تابان رضوی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسی کوششوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرے گی۔مہمانِ خصوصی وزیر زراعت شلپی نیہا ترکی نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب اس کے لوگ صحت مند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں، بزرگوں اور پسماندہ طبقات کے لیے معیاری صحت کی سہولیات ضروری ہیں۔ رانچی کے سول سرجن ڈاکٹر پربھات کمار نے کہا کہ شعبہ طب میں وقت کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار بروقت علاج نہ ملنے سے مریضوں کی حالت سنگین ہو جاتی ہے، ایسے میں مائرہ پولی کلینک جیسے ادارے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔










Users Today : 105
Users Yesterday : 106
Users Last 7 days : 262
Users Last 30 days : 262
Users This Month : 248
Users This Year : 262
Total Users : 4561805