National

بہار بورڈ کا چہار دیواری پھاندنے والے طلبہ پر سخت ایکشن، اب 2 سال تک نہیں دے سکیں گے امتحان

213views

 پٹنہ: بہار بورڈ نے امتحانات کے مراکز پر چہار دیواری پھلانگ کر اندر گھسنے کی کوشش کرنے والے طلبہ و طالبات پر سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت ایسے تمام طلبہ آئندہ 2 سال تک بورڈ کے امتحانات نہیں دے پائیں گے۔ خیال رہے کہ بہار بورڈ انٹرمیڈیٹ (12 ویں جماعت) کے امتحانات یکم فروری سے شروع ہو چکے ہیں۔ یہ امتحانات دو شفٹوں میں صبح 9:30 بجے سے دوپہر 12:45 بجے تک اور دوپہر 2 بجے سے شام 5:15 بجے تک ہو رہے ہیں۔

دراصل گزشتہ دونوں ہونے والے 12ویں بورڈ کے امتحانات کے دوران تاخیر سے پہنچنے والے طلبہ و طالبات کو امتحانات کے مراکز میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ حکم کے مطابق صبح 9:00 بجے سینٹر کا گیٹ بند کر دیا گیا تھا۔ مدھے پورہ کے ٹھاکر پرساد کالج کے امتحان کے مرکز پر ایک منٹ کی تاخیر سے پہنچنے والے 100 سے زائد طلبہ کو داخلہ نہیں ملا تھا۔ طلبہ انتظامیہ سے مسلسل درخواستیں کرتے رہے کہ انہیں داخلہ دیا جائے لیکن 11 بجے کے بعد بھی انہیں داخلہ نہیں دیا گیا۔ طلبہ کا کنا ہے کہ ’’ہمارے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ ٹریفک جام کی وجہ سے ہمیں تاخیر ہوئی ہے اور ہم لوگ 2 گھنٹہ پہلے گھر سے چلے تھے۔‘‘ جبکہ کئی طلبہ کا کہنا ہے کہ سخت سردی کی وجہ سے تھوڑا لیٹ ہو گئے تھے۔ ایسا ہی معاملہ کیمور، مظفر پور اور بھاگلپور ضلع میں سامنے آیا تھا۔

اس دوران کچھ طلبہ اور سرپرست نے امتحانات کے مرکز کے سامنے ہنگامہ بھی کیا جبکہ کچھ طالبات نے سینٹر کے گیٹ پر چڑھ گئیں اور چہار دیواری پھاند کر سینٹر کے اندر گھسنے کی کوشش بھی کی۔ پولیس نے اس معاملے پر ایکشن لیتے ہوئے لاٹھی چارج کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اب بہار بورڈ نے ایسے طلبہ پر سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار بورڈ نے امتحانات کے مراکز کی چہار دیواری پھاندنے کو مجرمانہ عمل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے امتحانات کی شفافیت متاثر ہوتی ہے۔

بہار بورڈ اسکول امتحانات کمیٹی نے اس پورے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ خاطی طلبہ کی نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کی جائے۔ ضلعی انتظامیہ کے سینئر ڈپٹی کلکٹر متھلیش کمار نے اس معاملے میں ایک مکتوب بھی جاری کیا ہے۔ امتحانات کے مراکز کی چہار دیواری پھاندنے کی کوشش کرنے والے طلبہ و طالبات کو 2 سال کے لیے امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج ہوگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بہار بورڈ اسکول امتحانات کمیٹی ان مراکز کے سپروائزروں کو معطل کرے گی جو تاخیر سے پہنچنے والے طبلہ کو  گیٹ بند ہونے کے بعد انٹری دیں گے۔ مراکز کے انسپکٹر کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر سینٹر پر اس طرح کا واقعہ پیش آتا ہے تو ہنگامہ کر رہے طلبہ پر کنڈکٹ آف ایگزامینیشن ایکٹ 1981 کے تحت کارروائی کریں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.