کولکاتہ: مغربی بنگال میں بی جے پی حکومت کی تشکیل اور شوبھندو ادھیکاری کی حلف برداری کے دن ہی ریاست کی سیاست میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی۔ ترنمول کانگریس سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنے کی اپیل کی، لیکن سی پی آئی (ایم) نے اس تجویز کو صاف طور پر مسترد کر دیا۔ہفتہ کو رابندر جینتی کے موقع پر اپنے گھر کے سامنے منعقد پروگرام میں ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف لڑائی کو مضبوط بنانے کے لیے تمام سیکولر اور بائیں بازو کی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے انڈیا الائنس کی طرز پر مغربی بنگال میں بھی مشترکہ محاذ بنانے کی بات کہی۔ ممتا نے یہاں تک کہا کہ وہ انتہائی بائیں بازو کی جماعتوں کو بھی ساتھ لینے کے لیے تیار ہیں۔لیکن سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سکریٹری محمد سلیم نے اس پیشکش کو فوراً رد کر دیا۔ انہوں نے اپنے تحریری بیان میں واضح الفاظ میں کہا، ’نہیں، بالکل نہیں۔ محمد سلیم نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ کسی ایسے شخص یا جماعت کے ساتھ اتحاد ممکن نہیں جس پر بدعنوانی، بھتہ خوری یا فرقہ واریت کے الزامات ہوں۔ سی پی ایم کی یوتھ ونگ نے بھی اسی موقف کی حمایت کی۔ پارٹی کے مطابق بائیں بازو بی جے پی کے خلاف اپنی لڑائی خود لڑے گا اور ترنمول کے ساتھ کسی قسم کا سیاسی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔سیاسی حلقوں کا ماننا ہے کہ ممتا بنرجی نے بی جے پی کی نئی حکومت بننے کے بعد اپوزیشن اتحاد کی کوشش شروع کی ہے تاکہ ریاست میں ایک مضبوط بی جے پی مخالف محاذ تیار کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ 2011 میں ممتا بنرجی نے بائیں محاذ حکومت کو ہٹانے کے لیے کانگریس کے ساتھ اتحاد کیا تھا، لیکن اب حالات بدل چکے ہیں اور وہ بائیں بازو کی جماعتوں کو اپنے ساتھ لانا چاہتی ہیں۔دوسری طرف سی پی ایم کا کہنا ہے کہ ترنمول حکومت کے دور میں بدعنوانی، سیاسی تشدد اور بھتہ خوری کے کئی الزامات سامنے آئے، اس لیے ایسی جماعت کے ساتھ ہاتھ ملانا ممکن نہیں۔ سابق لیڈر سپریو چندا نے بھی ممتا کی اس تجویز پر تنقید کی اور کہا کہ یہ سیاسی مجبوری کا نتیجہ ہے۔اس بیان کے بعد صاف ہو گیا ہے کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کے خلاف اپوزیشن اتحاد بنانا آسان نہیں ہوگا، کیونکہ بائیں بازو اور ترنمول کے درمیان سیاسی دوریاں اب بھی برقرار ہیں۔
ممتا کی اتحاد کی اپیل مسترد،ترنمول کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں: سلیم
مقالات ذات صلة









Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4594483