ہومNationalمودی کل کرناٹک اور تلنگانہ جائیں گے

مودی کل کرناٹک اور تلنگانہ جائیں گے

حیدرآباد میں 9400 کروڑ کے منصوبوں کا آغاز کریں گے

نئی دہلی 09 مئی (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی اتوار کو کرناٹک اور تلنگانہ کے دورے پر جائیں گے جہاں وہ حیدرآباد میں تقریباً 9,400 کروڑ روپے کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد، افتتاح اور قوم کے نام وقف کریں گے۔ مودی صبح 11 بجے بنگلورو میں ‘دی آرٹ آف لِونگ، کی 45 ویں سالگرہ کی تقریب اور شری شری روی شنکر کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وہ بنگلورو میں واقع آرٹ آف لِونگ انٹرنیشنل سینٹر میں نو تعمیر شدہ دھیان مندر کا افتتاح بھی کریں گے، جو اندرونی سکون اور مجموعی بہبود کے لیے وقف ایک میڈیٹیشن ہال ہے۔ وہ تنظیم کے ملک گیر خدمت کے اقدامات کا بھی آغاز کریں گے جن میں ذہنی صحت، دیہی ترقی، تحفظ فطرت اور سماجی تبدیلی پر مرکوز سال بھر چلنے والے منصوبے شامل ہیں۔ وہ اس موقع پر موجود اجتماع سے خطاب کریں گے۔اس کے بعد وزیراعظم حیدرآباد جائیں گے اور دوپہر تقریباً تین بجے تقریباً 9,400 کروڑ روپے کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد، افتتاح اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے۔ ان منصوبوں کا مقصد کنیکٹیویٹی کو مضبوط بنانا، لاجسٹکس کی کارکردگی بڑھانا، حفاظت کو بہتر بنانا اور مسافروں کے لیے سفر کا بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے۔ وزیراعظم حیدرآباد،پنجی اقتصادی راہداری پر گڈے بیلور سے محبوب نگر تک قومی شاہراہ-167 کی چار لین توسیع کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کی کل لاگت 3,175 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔مودی سنگاریڈی ضلع میں ظہیر آباد صنعتی زون کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے جسے قومی صنعتی راہداری ترقیاتی پروگرام کے تحت حیدرآباد،ناگپور صنعتی راہداری کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ تقریباً 2,350 کروڑ روپے کی لاگت سے 3,245 ایکڑ پر محیط یہ منصوبہ قومی شاہراہ-65 کے کنارے واقع ہے اور اہم شہروں، بندرگاہوں، ریلوے نیٹ ورک اور ہوائی اڈوں سے کثیر جہتی رابطہ فراہم کرے گا۔ وزیراعظم ورنگل میں پی ایم متر پارک (کاکتیہ میگا ٹیکسٹائل پارک) کا افتتاح کریں گے جسے پی ایم متر اسکیم کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ تقریباً 1,700 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ یہ ہندوستان کا پہلا مکمل طور پر فعال پی ایم متر پارک ہے اور ‘فارم ٹو فائبر ٹو فیکٹری ٹو فیشن ٹو فارن،کے 5 ایف تصور کو نافذ کرتا ہے۔ یہ پارک قومی شاہراہ اور ریلوے نیٹ ورک کے قریب واقع ہے جس سے عالمی تجارت کے لیے بہتر لاجسٹک سہولیات میسر ہوں گی۔وزیراعظم تقریباً 1,535 کروڑ روپے کے ریل منصوبے قوم کے نام وقف کریں گے جن میں کازی پیٹ،وجئے واڑہ ملٹی ٹریکنگ پروجیکٹ کے 118 کلومیٹر کے مختلف حصے شامل ہیں۔ اس سے گرینڈ ٹرنک کوریڈور کی صلاحیت بڑھے گی، ٹرینوں کی رفتار اور وقت کی پابندی میں بہتری آئے گی اور مال برداری کو فروغ ملے گا۔ اس کے علاوہ کازی پیٹ ریل بائی پاس کو بھی وقف کیا جائے گا جس سے حیدرآباد، بلار شاہ اور وجئے واڑہ کی طرف ایک ساتھ ریل آپریشن ممکن ہوگا اور بھیڑ کم ہوگی۔ مودی تقریباً 600 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار انڈین آئل کے ملکاپور ٹرمینل پروجیکٹ کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے جس کی کل اسٹوریج کی گنجائش 1,65,000 کلو لیٹر ہے۔اس کے ساتھ ہی وہ شام پونے چار بجے حیدرآباد میں سندھو اسپتال کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے جو کینسر پر مرکوز سپر اسپیشلٹی اسپتال ہے۔ یہ 21 لاکھ مربع فٹ رقبے پر پھیلا ہوا ہے جس میں 1,500 بستر، 150 سے زائد ڈاکٹروں کے کمرے اور 29 جدید آپریشن تھیٹر ہیں۔ اس میں کیموتھراپی، ریڈیو تھراپی، کینسر سرجری، بون میرو ٹرانسپلانٹ اور 33 سے زائد سپر اسپیشلٹی خدمات دستیاب ہیں۔ یہ تمام منصوبے ‘ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے ترقی یافتہ تلنگانہ،کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں جو مربوط بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے اقتصادی ترقی، معیار زندگی میں بہتری اور ایک زیادہ تیز رفتار اور مربوط ملک کی تعمیر پر مرکوز ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات