آر ٹی پی ایس، صحت خدمات اور آنگن واڑی نظام کا جائزہ، ٹریفک قوانین پر زیرو ٹالرنس کی وارننگ
کٹیہار ( راست):ضلع مجسٹریٹ کٹیہار آشوتوش دویویدی نے بدھ کے روز کدوا اور اعظم نگر بلاک و حلقہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران مختلف محکموں کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔سب سے پہلے ڈی ایم نے آر ٹی پی ایس (رائٹ ٹو پبلک سروسز) کاؤنٹر کا معائنہ کیا، جہاں ذات، آمدنی، رہائش اور پنشن سے متعلق زیر التوا درخواستوں کی آن لائن صورتحال کا باریکی سے جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے سرکل افسران کو ہدایت دی کہ ہر 15 دن میں خود معائنہ کریں اور کوئی بھی درخواست غیر ضروری طور پر زیر التوا نہ رہے۔اس کے بعد بلاک اور سرکل دفاتر کی صفائی اور عوامی سہولیات پر زور دیتے ہوئے احاطے کی مناسب باڑ بندی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ ڈی ایم نے کدوا اور اعظم نگر کے سب ہیلتھ سنٹروں کا بھی معائنہ کیا، جہاں ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری، ایمبولینس سروس کے ریکارڈ اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وارڈ میں زیر علاج مریضوں سے علاج، دواؤں اور کھانے کے معیار کے بارے میں بھی دریافت کیا۔معائنہ کے دوران سول سرجن کو ہدایت دی گئی کہ تمام وارڈوں میں صفائی ستھرائی یقینی بنائی جائے اور مریضوں کو ضروری ادویات بروقت فراہم کی جائیں۔ فارماسسٹ سے اسٹاک رجسٹر کی جانچ کر مفت دواؤں کی دستیابی یقینی بنانے کو کہا گیا۔ لیبارٹری میں سیمپل جمع کرنے کے عمل کو آسان بنانے اور بیت الخلا کی حالت بہتر کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ڈی ایم نے اسپتال کے چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کی ڈیوٹی کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ معائنہ کے بعد افسران کے ساتھ میٹنگ کر کے تمام خامیوں کو دور کرنے کے لیے 15 دن کی مہلت دی گئی۔بلاک اور سرکل دفاتر میں مختلف رجسٹروں جیسے روکڑ، اجرا اور وصولی رجسٹر کا بھی جائزہ لیا گیا اور تمام زیر التوا انتظامی معاملات کو 15 دن کے اندر نمٹانے کی ہدایت دی گئی۔ ساتھ ہی بھارت مردم شماری 2027 کے تحت مکان فہرست سازی کے لیے سیلف اینیومریشن یقینی بنانے اور روزانہ رپورٹ ضلع ہیڈکوارٹر بھیجنے کو کہا گیا۔بال ترقی خدمات کے جائزے کے دوران ڈی ایم نے ہدایت دی کہ روزانہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کم از کم 20 آنگن واڑی مراکز کی نگرانی کی جائے۔ تمام مراکز پر پینے کے پانی اور نل کنکشن کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پی ایچ ای ڈی کو ضروری کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا۔اس موقع پر ڈی ایم نے 22 اپریل سے شروع ہونے والے خصوصی ٹریفک چیکنگ مہم کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہیلمٹ، اوور اسپیڈنگ، اوورلوڈنگ اور کم عمر ڈرائیونگ پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی۔معائنہ کے اختتام پر ڈی ایم نے عوام سے براہ راست گفتگو کر کے ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر، ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر سمیت ضلع و بلاک سطح کے تمام افسران موجود تھے۔










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4592790