ہومInternationalاسرائیل نےجنوبی لبنان کے باشندوں کو سرحدی علاقوں سے دور رہنے کی...

اسرائیل نےجنوبی لبنان کے باشندوں کو سرحدی علاقوں سے دور رہنے کی وارننگ دی

جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے لبنان میں متعدد گھر دھماکوں سے اڑا دئیے

بیروت، 20 اپریل (یو این آئی) اسرائیلی دفاعی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں باقاعدہ پالیسی کے تحت عمارتوں کو مسمار کرنے کا عمل جاری ہے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حزب اللّٰہ کے ساتھ جنگ بندی کے دوران بھی اسرائیلی افواج نے جنوبی لبنان میں عمارتوں کو مسمار کرنے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے، ہفتے کی شام جنوبی لبنان کے 4 قصبوں میں متعدد گھروں کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا۔اسرائیلی اخبار سے بات کرتے ہوئے متعدد فوجی کمانڈروں نے دعویٰ کیا ہے کہ رہائشی مکانات، عوامی عمارتیں اور اسکول باقاعدہ پالیسی کے تحت منہدم کیے جا رہے ہیں تاکہ علاقے کو صاف کیا جا سکے، یہ علاقہ اس وقت لبنانی حدود میں اسرائیلی فوج کے قائم کردہ بفر زون کا حصہ بتایا جا رہا ہے۔ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حزب اللّٰہ شہری انفرااسٹکچر کو اسلحہ ذخیرہ کرنے یا گھروں کے نیچے سرنگیں بنانے کے لیے استعمال کر رہی ہے اور ماضی میں آئی ڈی ایف حکام یہ کہتے رہے ہیں کہ کارروائیاں صرف حزب اللّٰہ کے بنیادی انفرااسٹکچر تک محدود ہیں، تاہم اسرائیلی اخبار کے مطابق زمینی صورتِ حال اس سے مختلف دکھائی دیتی ہے۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر عسکریت پسند گروہ کے زیرِ استعمال عمارتوں میں فرق نہیں کیا جا رہا بلکہ مکمل قصبوں کو زمین بوس کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ مسمار کرنے کا عمل ٹھیکیداروں کے ذریعے کروایا جا رہا ہے، جن میں بعض کو تباہ کی جانے والی عمارتوں کی تعداد کے حساب سے معاوضہ دیا جاتا ہے۔فوجی کمانڈروں کا کہنا ہے کہ آئی ڈی ایف لبنان میں وہی حکمتِ عملی اپنا رہی ہے جو غزہ میں شہری انفرااسٹکچر کی مسماری کے حوالے سے اختیار کی گئی تھی۔ ایک کمانڈر کے مطابق اس کا مقصد سرحدی علاقوں میں لبنانی شہریوں کی واپسی کو روکنا ہے۔ گزشتہ ماہ اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کٹز نے اس پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ لبنانی سرحد کے قریب دیہات کے تمام مکانات کو رفح اور بیت حنون کے ماڈل کے تحت مسمار کیا جائے گا تاکہ سرحد کے قریب خطرات کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔
فوج کے ترجمان آویخائے ادراعی نے سوشل میڈیا ایکس سے جاری کردہ بیان میں جنوبی لبنان کے متعدد مقامات کی فہرست جاری کی اور شہریوں کو بعض دیہاتوں اور ان کے اطراف پر محیط لکیر کے جنوب کی طرف “حرکت کرنے سے باز رہنے”کی وارننگ دی ہے۔انہوں نے مقامی باشندوں کو دریائے لیطانی، وادی السلحانی اور سلوکی پر مشتمل علاقوں سے دُور رہنے کی بھی وارننگ دی ہے۔ادراعی نے مزید کہا ہے کہ شہریوں کو سرحد کے قریبی نقورا، مارون الراس، بنت جبیل، عیتا الشعب اور میس الجبل سمیت درجنوں دیہاتوں میں واپس نہ آنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔ لبنانی حکام کے مطابق لبنان کے خلاف 2 مارچ سے جاری اسرائیلی کارروائی میں تقریباً 2,300 افراد ہلاک، 7,500 سے زائد زخمی اور ایک ملین سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔یہ اطلاع کردہ خلاف ورزیاں گزشتہ جمعرات سے نافذ العمل 10 روزہ عارضی جنگ بندی کے بعد سامنے آئی ہیں ۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات