ہومBiharوزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی سمراٹ سرگرم، محکمہ جاتی امور کا...

وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی سمراٹ سرگرم، محکمہ جاتی امور کا جائزہ لیا

مودی نے بہار کے وزیر اعلیٰ بننے پر سمراٹ چودھری کو مبارکباد دی

پٹنہ، 15 اپریل (یو این آئی) بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) قانون ساز پارٹی کے لیڈرسمراٹ چودھری نے آج وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے کے فوراً بعد یہاں اولڈ سکریٹریٹ پہنچ کر باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ فوری طور پر ایکشن موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے اعلیٰ حکام کے ساتھ میٹنگ کر کے مختلف محکمہ جاتی کاموں اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔اس میٹنگ کے دوران وزیر اعلی نے عہدیداروں کو واضح طور پر ہدایت دی کہ عوامی مسائل کا فوری حل حکومت کی ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر محکمہ کو مقررہ مدت میں اپنے اہداف پورے کرنے چاہئیں۔چیف منسٹر مسٹر چودھری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سڑکوں، صحت، تعلیم اور امن و امان جیسے اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دیں۔مسٹر چودھری نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ عوامی شکایات کے حل میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ایک ایسا نظام بنایا جانا چاہیے کہ عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہ پڑے اور ان کے مسائل بروقت حل ہوں۔ انہوں نے آن لائن خدمات کو فروغ دینے اور سرکاری خدمات کو قابل رسائی اور آسان بنانے پر زور دیا۔سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمارکے انداز میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جن پروجیکٹوں میں تاخیر ہورہی ہے، ان کے ذمہ دار افسران کو جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ نئی اسکیموں کی تجاویز جلد تیار کی جائیں۔سکریٹریٹ میں چارج سنبھالنے کے بعد مسٹر چودھری بی جے پی کے ریاستی دفتر گئے اور وہاں بڑی تعداد میں منتظر کارکنوں سے ملاقات کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر سمراٹ چودھری کو ریاست کا وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مسٹر چودھری اپنے تجربے اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ ریاست کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے میں کامیاب ہوں گے۔مسٹر مودی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا، “بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر سمراٹ چودھری جی کو بہت بہت مبارکباد اور ڈھیروں نیک خواہشات! ان کی توانائی، عوامی خدمت کے تئیں لگن اور زمینی تجربہ ریاست کے لیے انتہائی مفید ثابت ہونے والا ہے۔” وزیر اعظم نے مزید کہا، “مجھے مکمل یقین ہے کہ ان کی (مسٹر چودھری کی) ماہرانہ قیادت میں عوام کی امنگوں کو پورا کرتے ہوئے بہار ہمہ جہت ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔”قابلِ ذکر ہے کہ جنتا دل (یونائیٹڈ) کے لیڈر مسٹر نتیش کمار کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد بدھ کو بی جے پی کے مسٹر چودھری کی قیادت میں بہار میں نئی کابینہ کو پٹنہ میں حلف دلایا گیا۔ مسٹر چودھری نتیش حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ تھے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات