پٹنہ، 15، اپریل (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے عوامی اقلیتی محکمہ کے قومی صدر اشرف علی فاطمی اور نائب قومی صدر تنویر انصاری نے پٹنہ میں راشٹریہ جنتا دل کے قومی صدر منتخب ہونے پر تیجسوی یادو کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے تیجسوی یادو کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔نائب قومی صدر تنویر انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ تیجسوی یادو اقلیتوں کے لیے ایک قوی وژن رکھتے ہیں اور ان کی قیادت میں اقلیتوں کو جو حقوق اور مواقع حاصل ہوئے ہیں، وہ شاید ہی کسی دوسری سیاسی جماعت نے فراہم کیے ہوں۔انہوں نے کہا کہ راشٹریہ جنتا دل ہمیشہ سے اقلیتوں کی فلاح و بہبود، تحفظ، معاشی ترقی اور سماجی استحکام کے لیے سنجیدہ رہی ہے۔ پارٹی نے حکومت میں رہتے ہوئے اقلیتوں کے لیے متعدد فلاحی اسکیموں کو نافذ کیا اور خصوصاً روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی کوششیں کیں۔اس موقع پر قومی صدر اقلیتی محکمہ علی اشرف فاطمی نے بھی خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو کو قومی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ تیجسوی یادو اقلیتوں کے مسائل کے تئیں ہمیشہ حساس اور فکر مند رہے ہیں اور آنے والے وقت میں ان کی قیادت میں پارٹی مزید مضبوطی کے ساتھ اقلیتوں کے حقوق کی لڑائی لڑے گی۔تقریروں کے بعد راشٹریہ جنتا دل کے قومی صدر تیجسوی یادو نے پروگرام میں شریک تمام رہنماؤں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اقلیتی طبقے کے اعتماد، خلوص اور بھروسے کو سراہتے ہوئے کہا کہ راشٹریہ جنتا دل اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب اقلیتوں کے خلاف کھلم کھلا ماحول بنایا جا رہا ہے، ایسے دور میں آر جے ڈی ہر سطح پر اقلیتوں کی آواز بن کر کھڑی رہے گی، چاہے پارٹی اقتدار میں ہو یا اپوزیشن میں۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اقلیتوں کے تحفظ، انصاف اور ترقی کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھے گی اور ان کے مسائل کو ایوان سے لے کر عوام کے درمیان پوری طاقت سے اٹھائے گی۔پروگرام میں موجود رہنماؤں نے تیجسوی یادو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی سربراہی میں راشٹریہ جنتا دل اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور سماجی انصاف کے ایجنڈے کو مزید مضبوطی سے آگے بڑھائے گی۔یہ اطلاع یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں دی گئی۔اس موقع پر غلام شاہد، انوار الحق، ابھینندن، زید حسن، قاضی شعیب، اسامہ، آصف ایم ایل اے، ڈاکٹر شمیم، سابق وزیر، ڈاکٹر کانتے سنگھ، سابق مرکزی وزیر سید مسرور، بھائی عارف، سردار رنجیت سنگھ اور دیگر کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ علاوہ ازیں، ریاستی صدر اقلیتی محکمہ راشٹریہ جنتا دل انور احمد بھی پروگرام میں شریک رہے۔ ڈاکٹر محب الحسن نے پروگرام کی نظامت کی۔



