دیہی ترقی کی وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ نے بہترین کارکردگی پر مکھیاؤں کو اعزاز سے نوازا
جدید بھارت نیوز سروس
چائباسہ ،13؍اپریل: آج چائباسہ میں منعقدہ ’کولہان ڈویژن مکھیا کانفرنس 2026‘میں دیہی ترقی کی وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے متعدد مکھیاؤں کو اعزاز سے نوازا۔ اس پروگرام میں بچوں کے لیے سازگار، صحت مند، خواتین دوست، صاف ستھری اور سرسبز نیز سماجی طور پر محفوظ پنچایتوں کی تعمیر میں نمایاں کام کرنے والے مکھیاؤں کی عزت افزائی کی گئی۔ اس موقع پر وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ نے کہا کہ یہ اعزاز ان نچلی سطح کی کوششوں کا اعتراف ہے جو گاؤں کو خود انحصاری، منظم اور بااختیار بنانے کی سمت میں مسلسل کام کر رہے ہیں۔ پیسا سے روایتی گرام سبھاؤں کو ملے قانونی حقوق وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ 25 برسوں سے زیر التوا ’پیسا رولز‘ کو نافذ کر کے جھارکھنڈ حکومت نے روایتی گرام سبھاؤں کو قانونی حقوق فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم پانی، جنگل اور زمین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی برادریوں کو فیصلہ سازی کے عمل کے مرکز میں لاتا ہے۔ اس سے نہ صرف انتظامی وکندریقرت (Decentralization) کو تقویت ملی ہے بلکہ عوامی شرکت کے ذریعے جمہوریت کی اصل روح کو بھی بحال کیا گیا ہے۔وزیر نے مزید کہا کہ پیسا رولز کے تحت خواتین کو گرام سبھا کے سکریٹری کے عہدے پر تعینات کرنے کی فراہمی ریاست میں صنفی مساوات کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک تاریخی اقدام ہے۔ اس سے پنچایتوں میں خواتین کی شرکت بڑھے گی اور فیصلہ سازی کا عمل زیادہ جامع، حساس اور جوابدہ بنے گا۔ وزیر نے کہا کہ پنچایت کی سطح پر نظر آنے والی مثبت تبدیلیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ترقی اب صرف اسکیموں کے نفاذ تک محدود نہیں رہی، بلکہ یہ مقامی قیادت، شفافیت اور اجتماعی شرکت پر مبنی ایک مسلسل عمل بن چکی ہے۔ انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ ریاستی حکومت پنچایتوں کو محض ایک انتظامی یونٹ سے آگے بڑھا کر ترقی، خدمت، خود انحصاری اور سماجی تبدیلی کے طاقتور مراکز کے طور پر قائم کرنے کے لیے وقف ہے۔



