پہلی کامیابی کیلئےکے کے آر بے چین
چنئی۔ 13 اپریل ( یو این آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں کل منگل کے روز پوائنٹس ٹیبل کی دو نچلے درجے کی ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ معرکہ متوقع ہے۔ پانچ بار کی چیمپئن چنئی سپر کنگز جو مسلسل تین شکستوں کے بعد جیت کی راہ پر واپس لوٹ آئی ہے، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کولکتہ نائٹ رائڈرز کا سامنا کرے گی۔ کے کے آر کو ٹورنامنٹ میں اب بھی اپنی پہلی جیت کا شدت سے انتظار ہے۔چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم (چیپک) میں ‘یلو بریگیڈ‘ کے زبردست تعاون اور ہوم ایڈوانٹیج کی بدولت میزبان ٹیم کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے۔ اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 31 میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں سے 20 میں چنئی اور 11 میں کولکتہ نے کامیابی حاصل کی۔اس میدان پر ہونے والے 12 میچوں میں چنئی 8-4 سے آگے ہے۔ اگرچہ 2022 سے اب تک دونوں ٹیمیں 3-3 کی برابری پر ہیں، لیکن موجودہ سیزن میں چنئی کی پوزیشن بہتر ہے۔چنئی نے اپنے پچھلے میچ میں دہلی کیپٹلز کو 23 رنز سے شکست دے کر جیت کا کھاتہ کھولا ہے۔اوپنر سنجو سیمسن کی سنچری اور نوجوان آیوش مہاترے کی نصف سنچری نے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔ تاہم کپتان رتوراج گائیکواڈ کی خراب فارم (گزشتہ اسکور: 6, 28, 7, 15) ٹیم کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ ڈیوالڈ بریوس کی واپسی اور شیوم دوبے کی جارحانہ بیٹنگ سے ٹیم مزید مستحکم ہوئی ہے۔جیمی اوورٹن (4 وکٹیں) اور اپنا ڈیبیو کرنے والے گرجپ نیت سنگھ بولنگ کے ستون ثابت ہو رہے ہیں۔اجنکیا رہانے کی قیادت میں کے کے آر کی شروعات مایوس کن رہی ہے۔ چار میچوں میں سے تین میں شکست اور ایک میچ (پنجاب کنگز کے خلاف) بارش کی نذر ہونے کے باعث اسے صرف ایک پوائنٹ مل سکا ہے۔کپتان رہانے، انگکرش رگھونشی اور فن ایلن کو اپنی اننگز کو بڑے اسکور میں بدلنا ہوگا۔ لکھنؤ کے خلاف پچھلے میچ میں مضبوط گرفت کے باوجود ویبھو اروڑہ کے آخری اوور میں مکیش چوہدری کی دھواں دھار بیٹنگ نے کے کے آر سے جیت چھین لی تھی۔ ٹیم مینجمنٹ اب ایک نئے عزم کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔



