ٹائٹنز کی 7 وکٹوں سے بڑی فتح!
لکھنؤ، 12 اپریل( یو این آئی)پرسدھ کرشنا کی تباہ کن بالنگ کے بعد کپتان شبھمن گل اور جوس بٹلر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت گجرات ٹائٹنز نے آئی پی ایل 2026 کے 19ویں میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو 8 گیندیں قبل 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گجرات ٹائٹنز نے پراعتماد آغاز کیا۔ سائی سدرشن اور شبھمن گل نے پہلی وکٹ کے لیے 45 رنز جوڑے۔ سدرشن کے آؤٹ ہونے کے بعد جوس بٹلر میدان میں آئے اور کپتان کے ساتھ مل کر اننگز کو تیزی سے آگے بڑھایا۔شبھمن گل 40 گیندوں پر 56 رنز (6 چوکے، 1 چھکا) بنا کر آؤٹ ہوئے۔جوس بٹلرنے 37 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔واشنگٹن سندر13 گیندوں پر 21 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے اور ٹیم کو جیت کی دہلیز پار کرائی۔گجرات نے مطلوبہ ہدف 18.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اس سے قبل گجرات ٹائٹنز نے ٹاس جیت کر لکھنؤ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لکھنؤ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 164 رنز بنا سکی۔ایڈن مارکرم 30 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ کپتان رشبھ پنت نے 18 رنز بنائے۔
لکھنؤ کے بلے باز گجرات کے بالنگ اٹیک کے سامنے مسلسل جدوجہد کرتے نظر آئے اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔گجرات کی جیت میں فاسٹ بالر پرسدھ کرشنا نے کلیدی کردار ادا کیا، جنہوں نے محض 28 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ اشوک شرما نے دو، جبکہ محمد سراج اور کگیسو ربادا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس جیت کے ساتھ گجرات ٹائٹنز نے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے، جبکہ لکھنؤ کو اپنی بالنگ اور بیٹنگ لائن پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔



