National

دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہندوستان میں شدید سردی سے 3 دن تک کوئی راحت نہیں

224views

دہلی-این سی آر سمیت پورے شمالی ہندوستان میں جنوری کے آخری ہفتے میں بھی شدید سردی کا قہر جاری رہنے کا امکان ہے۔دریں اثنا،25 جنوری 2024  کو قومی راجدھانی کے کئی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کے بعد دھند سے کچھ راحت ملے گی ، لیکن فی الحال سردی میں کمی کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعرات (25 جنوری) کو بتایا کہ دو ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے 25 سے 28 جنوری تک ہمالیہ سے ملحقہ علاقوں میں ہلکی برفباری اور بارش کے امکانات ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تلنگانہ، آندھرا پردیش، اڈیشہ، مغربی بنگال، سکم اور چھتیس گڑھ میں آئندہ دو تین دنوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

’کوئی طاقت بھارت جوڑو نیائے یاترا کو نہیں روک سکتی، ہم اپنی منزل تک پہنچ کر ہی دَم لیں گے‘، کانگریس کا عزم

جمعرات کی صبح دہلی-این سی آر کو گھنے دھند کی لپیٹ میں دیکھا گیا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ اور اتر پردیش کے کچھ حصوں میں 28 جنوری کی صبح تک گھنی دھند برقرار رہ سکتی ہے۔ لوگ سردی سے بچنے کے لیے الاؤ کا سہارا لے رہے ہیں۔ پہاڑوں پر برف باری کی وجہ سے شمالی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں سردی ہے، جب کہ دہلی، غازی آباد، نوئیڈا، میرٹھ اور مظفر نگر کے ساتھ پنجاب-ہریانہ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

یہی نہیں، آئی ایم ڈی نے شمالی ہندوستان کے کچھ حصوں جیسے پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ اور راجستھان میں ‘کولڈ ڈے’ اور ‘شدید سرد دن’ کا الرٹ جاری کیا ہے۔ دہلی میں جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔

’بھارت جوڑو نیائے یاترا پر بی جے پی کارکنوں کا حملہ، حملہ آوروں کو پولیس کی پشت پناہی حاصل‘، کھڑگے نے شاہ کو لکھا خط

دھند کے باعث بدھ کی رات گئے سے اب تک تقریباً 122 پروازیں تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں، جن میں سے ڈیڑھ درجن کے قریب پروازوں کو چھوڑ کر بیشتر پروازیں آدھے سے ڈیڑھ گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں۔ بدھ کو شدید دھند کے باعث ریاض جانے والی بین الاقوامی پرواز 11 گھنٹے کی تاخیر سے نئی دہلی سے روانہ ہوئی۔ ریاض سے نئی دہلی آنے والی پرواز بھی 10 گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔ اسی طرح نئی دہلی سے جدہ جانے والی پرواز کی روانگی میں تقریباً سات گھنٹے تاخیر ہوئی۔ ڈھاکہ سے نئی دہلی جانے والی پرواز تقریباً چار گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔

گھریلو پروازوں میں وارانسی جانے والی پرواز میں چھ گھنٹے، سری نگر کی پرواز چار گھنٹے اور لکھنؤ جانے والی پرواز میں تقریباً پانچ گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ اسی طرح وندے بھارت، راجدھانی، شتابدی سمیت 100 سے زیادہ لمبی دوری کی ٹرینیں گھنٹوں کی تاخیر سے دہلی پہنچیں۔ جس کی وجہ سے کئی ٹرینوں کے روانگی کے اوقات میں تبدیلی کرنا پڑی۔ اس قسم کا موسم 28 جنوری تک جاری رہے گا۔

Follow us on Google News