بجلی، پانی، سڑک اور صحت جیسے اہم مسائل پر تبادلہ خیال
سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے بیٹیوں کی ٹیکہ کاری میں تیزی لائیں:سنجے سیٹھ
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،7؍اپریل: آج رانچی ضلع ’دشا‘ کا اجلاس شری کرشن انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن، رانچی میں مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں گزشتہ میٹنگ میں عوامی نمائندوں کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ نے 2026 تک رانچی کو اندور کی طرز پر ‘کلین رانچی، سوچھ رانچی‘بنانے کے عزم کو دہراتے ہوئے تمام عوامی نمائندوں، افسران، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی بات کہی۔گرمیوں سے قبل پانی کے مسائل کے حل پر بحث کرتے ہوئے سنجےسیٹھ نے کہا کہ شہر میں درجنوں ٹنکیاں برسوں سے تیار ہیں لیکن ان سے پانی کی سپلائی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ جلد از جلد ان ٹنکیوں سے پانی کی فراہمی شروع کریں تاکہ گرمیوں میں لوگوں کو راحت مل سکے۔سنجےسیٹھ نے رانچی کے ڈپٹی کمشنر (DC) کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پرجوش منصوبے ‘ہر گھر نل سے جل‘ جو نامکمل پڑا ہے، اس کے لیے مجسٹریٹ مقرر کر کے جانچ کی جائے اور قصوروار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ برسات میں رانچی کے مختلف محلوں میں پانی بھرنے کے مسئلے کو دیکھتے ہوئے بارش سے قبل اس کا حل نکالنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ نالیوں اور سڑکوں کی تعمیر ٹکڑوں میں نہ کی جائے بلکہ مکمل کام کیا جائے تاکہ عوام کو بار بار پریشانی نہ ہو۔کیتاری بگان میں بننے والاپل نومبر تک تیار ہو جائے گا، جس کی تعمیر 45 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری ہے۔ پاور ہاؤس کے پاس دو فلائی اوور تعمیر ہونے ہیں۔ سنجےسیٹھ نے رانچی ریلوے اور ریاستی حکومت کے افسران کو باہمی تال میل کے ذریعے اس کام میں تیزی لانے کو کہا۔ رانچی ریلوے اسٹیشن کے جنوبی حصے (ساؤتھ سائیڈ) کی نئی عمارت کا جلد افتتاح ہو گا۔صدر اسپتال میں آدھار سینٹرکھولنے کی تجویز دی گئی تاکہ وہاں پیدا ہونے والے بچوں کا فوری آدھار کارڈ بن سکے۔سنجےسیٹھ نے کہا کہ اسمارٹ میٹرز کی وجہ سے عام لوگ پریشان ہیں اور بجلی کے بل پہلے سے زیادہ آ رہے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ہر وارڈ میں کیمپ لگا کر صارفین کے مسائل حل کیے جائیں۔ رانچی میونسپل کارپوریشن کے ساتھ ترقیاتی کاموں اور پینے کے پانی کے مسائل پر جلد عوامی نمائندوں کا اجلاس بلایا جائے گا۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر کو بہترین کام پر مبارکباد دی اور بتایا کہ اس سال 100 کروڑ روپے کا ٹیکس وصول کیا گیا ہے۔ پسکا ،نگڑی اور نیا سرائے فلائی اوور کا کام اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔ جلد ہی جے پال سنگھ اسٹیڈیم میں رانچی کے باشندوں کے لیے ‘نائٹ مارکیٹ‘(رات کا بازار) لگایا جائے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے 14 سے 15 سال کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچانے کے لیے مفت ٹیکہ کاری مہم شروع کی ہے۔ سنجےسیٹھ نے سول سرجن کو ہدایت دی کہ اس مہم کو گاؤں گاؤں تک پہنچایا جائے۔ کاٹھی ٹانڈ چوک پر ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر کو سگنل لائٹ لگانے کی ہدایت دی گئی۔جی ایل چرچ کے تاجروں کو غلط طریقے سے پھنسانے کی سازش کو رانچی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (SSP) نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کے ذریعے ناکام بنایا، جس کے لیے جناب سیٹھ نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ راتو کے سی او (CO) کے خلاف شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو انکوائری اور کارروائی کا حکم دیا۔اجلاس میں تمام عوامی نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل پیش کیے۔ اس موقع پر جھارکھنڈ حکومت کی وزیر زراعت شلپی نیہا تِرکی، کھونٹی کے رکن پارلیمنٹ کالی چرن منڈا، راجیہ سبھا ممبر مہوا مانجھی، میئر روشنی کھلکھو، ایم ایل اے نوین جیسوال، ایم ایل اے امت کمار، ڈپٹی میئر نیرج کمار سمیت تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔



