National

’بھارت جوڈو نیائے یاترا پر بی جے پی کارکنوں کا حملہ، حملہ آوروں کو پولیس کی پشت پناہی حاصل‘، کھڑگے نے شاہ کو لکھا خط

125views

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر آسام میں ‘بھارت جوڑو نیا یاترا’ کو ضروری سیکورٹی نہیں دئے جانے کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے خط میں کہا کہ بی جے پی کارکن یاترا پر حملہ کر رہے ہیں اور آسام پولیس ایسا کرنے والوں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ انڈین نیشنل کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کے آسام میں داخل ہونے کے بعد اس پر کئی مرتبہ حملے کئے جا چکے ہیں۔ دریں اثناء راہل گاندھی کی سیکورٹی میں کوتاہی کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ یاترا پر بی جے پی کارکنوں کی طرف سے حملہ کیا گیا۔

کانگریس صدر کھڑگے نے وزیر داخلہ امت شاہ کو لکھے خط میں کہا، ’’بدقسمتی سے جب سے یاترا 18 جنوری 2024 کو آسام میں داخل ہو رہی ہے، ایسے کئی واقعات ہوئے ہیں جہاں آسام پولیس راہل گاندھی کو مناسب سیکورٹی فراہم کرنے سے گریزاں ہے، جو زیڈ پلس سیکورٹی کے حقدار ہیں۔

انہوں نے لکھا، 18 جنوری 2024 کو آسام میں یاترا کے داخلے کے پہلے دن آسام پولیس یاترا کے لیے محفوظ راستہ کو یقینی بنانے کے بجائے سلی ساگر ضلع میں بی جے پی کے پوسٹروں کی حفاظت کرتی پائی گئی۔

اس کے بعد 19 جنوری 2024 کو آسام میں یاترا کے دوسرے دن بی جے پی سے تعلق رکھنے والے شرپسندوں کو لکھیم پور ضلع میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے پوسٹروں اور ہورڈنگز کو توڑتے اور گراتے ہوئے پکڑا گیا۔

اسی طرح 21 جنوری 2024 کو جیسے ہی یاترا اروناچل پردیش کے راستے آسام واپس آئی، یاترا پر ایک اور ذلت آمیز حملہ سونیت پور ضلع میں ہوا۔ سونیت پور ضلع کے مقامی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شان وزیر اعلی ہمنتا بسوا سرما کے بھائی ہیں۔ انہوں نے دیکھا کہ بی جے پی کارکنوں نے ہمارے جنرل سکریٹری جے رام رمیش کے ساتھ انڈین نیشنل کانگریس کی سوشل میڈیا ٹیم پر حملہ کیا اور ان کے ساتھ مارپیٹ کی۔

خط میں لکھا گیا کہ جے رام رمیش کی گاڑی پر حملہ اس وقت کیا گیا جب شرپسندوں نے مشتعل نعرے لگائے، گاڑی پر سے نصب بھارت جوڑو نیائے یاترا کے کے اسٹیکرز کو ہٹا دیا اور اندر موجود یاتریوں پر پانی پھینکنے کی کوشش کی۔

اسی دن بی جے پی کے ضلعی کارکنان سونیت پور ضلع پہنچے اور راہل گاندھی کے قافلے کو روکا۔ اس کے بعد بی جے پی کارکنوں نے آسام پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کی پٹائی کی۔ کھڑگے نے وزیر داخلہ سے اس معاملے میں مداخلت کرنے اور سیکورٹی کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔

Follow us on Google News