فی مانیٹر دس ہزار کا لالچ، رقم کے لالچ میں ٹیکنیشن ملوث، امتحانی مرکز پر امتحان منسوخ
جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ ، یکم؍ اپریل: رادھا گوبند یونیورسٹی میں بدھ کے روز منعقدہ پریس کانفرنس میں ایک بڑے امتحانی گھپلے کی سازش کا انکشاف کیا گیا۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار نرمل کمار منڈل نے بتایا کہ 02.04.2026 سے شروع ہونے والے JEE Mains کے آن لائن امتحان کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، جسے وقت رہتے ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ امتحان NTA کے ذریعے منعقد کرایا جاتا ہے، جبکہ امتحان کو بدعنوانی سے پاک رکھنے کی ذمہ داری TCS کمپنی کو سونپی جاتی ہے۔ گزشتہ چار سالوں سے یہ امتحان یونیورسٹی کے C بلاک میں واقع کمپیوٹر لیب میں منعقد ہو رہا ہے۔ واقعہ 29.03.2026 کا ہے، جب یونیورسٹی کے ٹیکنیشن دنیش کمار مہتو، TCS ملازم بتا کر آنے والے راجیش ٹھاکر اور دیگر افراد کے ساتھ مل کر بغیر اجازت کمپیوٹر لیب میں داخل ہو کر مانیٹر اور سسٹم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر رہے تھے۔ اس دوران کئی مانیٹرز کو فارچیونر گاڑی (WB-39E-5455) میں رکھا جا رہا تھا اور باہر سے دوسرے سسٹمز لاکر لگائے جا رہے تھے۔
یونیورسٹی کے ملازم امیش کمار ساؤ کی نظر اس سرگرمی پر پڑی۔ پوچھ گچھ کرنے پر موقع پر موجود لوگوں نے دھمکی بھی دی۔ شبہ ہونے پر معاملے کی اطلاع کیمپس انچارج سنجیو کمار سنگھ کو دی گئی، جس کے بعد کارروائی شروع ہوئی۔ تحقیقات کے دوران کچھ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ دنیش کمار مہتو کو پکڑ لیا گیا۔ گاڑی کی تلاشی میں HP، Geonix، Frontech سمیت دیگر کمپنیوں کے تقریباً60-50 مانیٹرز برآمد کیے گئے، جن میں یونیورسٹی کے بھی کچھ مانیٹرز شامل تھے۔ پوچھ گچھ میں دنیش کمار نے انکشاف کیا کہ اسے رقم کا لالچ دے کر اس سازش میں شامل کیا گیا تھا۔ ملزمان کا مقصد JEE Mains امتحان میں ’سیٹنگ‘ کے ذریعے کچھ امیدواروں کو پاس کرانا تھا۔ اس کے لیے فی مانیٹر 10000 روپے دینے کی بات طے ہوئی تھی۔ دوسری جانب، TCS کے ایریا ہیڈ جسپال سے رابطہ کرنے پر انہوں نے واضح کیا کہ کمپنی کی جانب سے کسی بھی امتحانی مرکز پر اس قسم کی کوئی سرگرمی نہیں کرائی جاتی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق، اس پورے معاملے کی گہری چھان بین کی جا رہی ہے۔ بظاہر یہ واضح ہوا ہے کہ 02 اپریل سے 08 اپریل 2026 تک ہونے والے JEE Mains امتحان میں گڑبڑی کر کے بڑی رقم وصول کرنے کی سازش رچی گئی تھی، جسے وقت رہتے ناکام بنا دیا گیا اور اس مرکز میں امتحان منسوخ کر دیا گیا ہے۔



