اسکولوں، عدالتوں، سرکاری اداروں کو مسلسل دھمکی بھرے ای۔میل بھیج رہا تھا سرینواس لوکس
1100 سے زائد ای میل بھیجنے کا انکشاف؛ دہلی پولیس نے میسور سے گرفتار کیا
دہلی، 30 مارچ :۔(ایجنسی) ملک بھر میں مسلسل مل رہی بم سے اڑانے کی دھمکیوں کے معاملے میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ اس سلسلے میں دہلی پولیس نے کرناٹک کے میسور سے 47 سالہ سرینواس لوکس کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ وہ ملک کے مختلف اداروں کو ای میل اور فون کال کے ذریعے بم کی فرضی دھمکیاں دیتا تھا۔
جانچ میں انکشاف
پولیس جانچ میں سامنے آیا ہے کہ ملزم نے گزشتہ چند مہینوں کے دوران 1100 سے زائد فرضی بم دھمکی آمیز ای میل اور کال کیے۔ ان دھمکیوں کا نشانہ دہلی ہائی کورٹ، کئی اسکول، اسپتال اور سرکاری دفاتر بنے۔ ہر بار دھمکی ملنے کے بعد سکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ ہونا پڑتا تھا اور بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلانی پڑتی تھی، جس سے عوام میں خوف کا ماحول پیدا ہو جاتا تھا۔
تکنیکی جانچ سے گرفتاری
مسلسل مل رہی ان دھمکیوں کے بعد پولیس اور جانچ ایجنسیوں نے تکنیکی جانچ شروع کی۔ ڈیجیٹل ٹریکنگ، ای میل ٹریسنگ اور سائبر جانچ کے ذریعے ملزم کی لوکیشن کا پتہ لگایا گیا، جس کے بعد اسے میسور سے گرفتار کر لیا گیا۔
گھر سے لیپ ٹاپ برآمد
گرفتاری کے بعد پولیس نے ملزم کے کرایے کے مکان کی تلاشی لی جہاں سے ایک لیپ ٹاپ برآمد کیا گیا۔ ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ اسی لیپ ٹاپ کا استعمال کرتے ہوئے ملزم فرضی ای میل بھیجتا تھا اور مختلف اداروں کو دھمکیاں دیتا تھا۔
مزید تحقیقات جاری
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کی ذہنی حالت کو لے کر بھی سوال اٹھ رہے ہیں، تاہم اس سلسلے میں تفصیلی جانچ جاری ہے اور میڈیکل ٹیسٹ بھی کرایا جا سکتا ہے۔ فی الحال ملزم کو دہلی لایا جا رہا ہے جہاں اس سے گہرائی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا وہ اکیلا ہی اس پورے معاملے کو انجام دے رہا تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور نیٹ ورک یا سازش بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے ملک بھر میں اسکولوں، عدالتوں اور سرکاری اداروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ ہر بار جانچ میں یہ دھمکیاں فرضی ثابت ہوئیں، لیکن اس کے باعث سکیورٹی ایجنسیوں کو کافی مشقت کرنی پڑتی تھی اور کئی مقامات پر کام کاج بھی متاثر ہوتا تھا۔



