انٹرا اسکواڈ میچ میں 19 گیندوں پر 45 رنز بنا ڈالے
دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو کل سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف کرے گی اپنے سفر کا آغاز
حیدرآباد،26؍مارچ(ایجنسی): آئی پی ایل 2026 کے شروع ہونے سے پہلے رائل چیلنجرز بنگلورو (RCB) کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی زبردست فارم میں نظر آ رہے ہیں۔بنگلورو میں RCB کے دوسرے انٹرا اسکواڈ میچ میں وراٹ کوہلی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 19 گیندوں پر 45 رنز بنائے۔ ٹیم کے مینٹور اور بیٹنگ کوچ دنیش کارتک نے ان کی فارم اور ارادے کی تعریف کی ہے۔اس سے پہلے پیر کو کھیلے گئے پہلے انٹرا اسکواڈ میچ میں بھی وراٹ نے 12 گیندوں پر 29 رنز بنائے تھے۔
کوہلی کا نیا پلان اور ارادہ: کارتک بولے- وہ خود کو بہتر بنا رہے ہیں
میچ کے بعد RCB نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس میں دنیش کارتک نے کہا، ‘آج کا کھیل اچھا رہا۔ وراٹ کی کلاس شروع میں ہی نظر آ گئی تھی، انہوں نے کچھ بہترین شاٹس کھیلے۔ وراٹ کی عظمت یہ ہے کہ وہ ہر سال ایک خاص پلان اور ارادے کے ساتھ آتے ہیں۔ آپ نے دیکھا کہ انہوں نے اپنی بیٹنگ کو کس سطح پر پہنچا دیا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اس سال وہ مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔
مشکل دور سے گزرنے والے فل سالٹ کو کوہلی کا ساتھ
ویڈیو میں وراٹ کوہلی اپنے اوپننگ پارٹنر فل سالٹ کو باؤلنگ کرواتے ہوئے بھی نظر آئے۔ سالٹ فی الحال ٹی-20 کرکٹ میں خراب فارم سے جوجھ رہے ہیں۔ ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 میں انہوں نے 8 اننگز میں صرف 130 رنز بنائے تھے۔ ایسے میں کوہلی ایک تجربہ کار سینئر کھلاڑی کے طور پر سالٹ کا حوصلہ بڑھاتے اور انہیں سپورٹ کرتے نظر آئے۔
پچھلے پریکٹس میچ میں بھی دکھا پاٹیدار-جتیش کا جلوہ
اس سے پہلے پیر کو ہونے والے پہلے انٹرا اسکواڈ میچ میں وکٹ کیپر بلے باز جتیش شرما نے 37 گیندوں میں 81 رنز بنائے تھے۔ کپتان رجت پاٹیدار نے 25 گیندوں میں 74 رنز بنائے۔ کوہلی نے وہاں 12 گیندوں میں 29 رنز بنائے تھے۔اس میچ میں وینکٹیش ایر کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 234/7 رنز بنائے۔ جواب میں کرونال پانڈیا کی ٹیم نے 247 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔
28 مارچ کو حیدرآباد سے پہلا مقابلہ
آئی پی ایل 2026 سیزن کا آغاز 28 مارچ سے ہو رہا ہے۔ دفاعی چیمپئن RCB اپنے ہوم گراؤنڈ ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں سن رائزرز حیدرآباد (SRH) کے خلاف پہلا میچ کھیلے گی۔



