رائے پور، 26 مارچ (یو این آئی): کرناٹک کے منیکانت ایل نے جمعرات کو یہاں ‘کھیلو انڈیا ٹرائبل گیمز‘ کے دوسرے دن 200 میٹر تیراکی کے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا مسلسل تیسرا طلائی تمغہ جیت لیا، جبکہ اوڈیشہ کی انجلی منڈا نے خواتین کے زمرے میں اپنا دوسرا طلائی تمغہ حاصل کیا۔آج یہاں میزبان چھتیس گڑھ کی ایتھلیٹ انوشکا بھگت نے خواتین کی 200 میٹر انفرادی میڈلے ریس میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے اپنے تمغوں کی فہرست میں ایک اور چاندی کے تمغے کا اضافہ کیا۔ منیکانت نے اپنا غلبہ برقرار رکھا اور 200 میٹر انفرادی میڈلے ریس 2:25.93 کے وقت کے ساتھ جیت کر سونا اپنے نام کیا۔ تریپورہ کے ریاض تریپورہ 2:34.04 کے وقت کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ کانہو سورین (اوڈیشہ) نے 2:36.21 کے وقت کے ساتھ کانسہ کا تمغہ جیتا۔انجلی نے خواتین کی 200 میٹر انفرادی میڈلے ریس 2:53.82 کے وقت میں جیت کر سونا اپنے نام کیا، جبکہ چھتیس گڑھ کی انوشکا بھگت نے 2:59.33 کے وقت کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ کانسہ کا تمغہ اوڈیشہ کی انجلی ملک (3:06.13) کے حصے میں آیا۔ کرناٹک اب چھ سونے اور دو چاندی کے تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیبل میں پہلے نمبر پر ہے، جبکہ اوڈیشہ تین سونے، ایک چاندی اور چار کانسہ کے تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔



