نئی دہلی، 26 مارچ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے رام نومی کے مبارک موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ مریادا پرشوتم بھگوان رام کی زندگی قربانی، ریاضت اور ضبط نفس کی علامت ہے اور یہ عوام کو ہر صورت حال کا سامنا قوت اور عزم محکم کے ساتھ کرنے کی ترغیب فراہم کرتی ہے۔بھگوان رام کے نظریات کی لازوال اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اقدار نہ صرف ہندستان کے عوام کے لیے بلکہ آنے والے دور میں مکمل بنی نوع انسانیت کے لیے بھی ایک رہنمایانہ قوت کےطور پر برقرار رہیں گی۔وزیر اعظم نے ایکس پر لکھا؛ ’’ملک بھر کے میرے پریوارجنوں کو رام نومی کی ڈھیر ساری نیک خواہشات۔ قربانی ریاضت اور ضبط نفس سے پر مریادا پرشوتم کی زندگی سے ہمیں ہر صورتحال کا پوری قوت کے ساتھ سامنا کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔ ان کے اصول ہمیشہ بھارتیوں کے ساتھ ساتھ مکمل بنی نوع انسانیت کے بھی رہنما بنے رہیں گے۔ میری تمنا ہے کہ بھگوان رام کے کرم سے سب کا بھلا ہو، جس سے وکست اور آتم نربھر بھارت کے عزم کی تکمیل کی راہ ہموار ہو۔‘‘
سی بی آئی نے ریلائنس ٹیلی کام
کیس میں ممبئی میں چھاپے مارے
نئی دہلی، 26 مارچ (یو این آئی) مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے جمعرات کو کہا کہ اس نے ریلائنس ٹیلی کام لمیٹڈ، ستیش سیٹھ (اس وقت کے ڈائریکٹر)، گوتم بی دوشی (اس وقت کے ڈائریکٹر) اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس سلسلے میں ممبئی میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ معاملہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) سے موصول ہونے والی ایک شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمان نے بینک کے ساتھ دھوکہ دہی کی اور اسے 114.98 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔
سی بی آئی نے مزید بتایا کہ ایس بی آئی 11 بینکوں کے اس کنسورشیم کا حصہ تھا جس نے ریلائنس ٹیلی کام لمیٹڈ کو کل 735 کروڑ روپے کی ٹرم لون سہولت منظور کی تھی۔ اہلکار نے کہا، “کیس درج کرنے کے بعد، سی بی آئی نے ممبئی میں ستیش سیٹھ اور گوتم بی دوشی کی رہائش گاہوں کے ساتھ ساتھ ریلائنس ٹیلی کام لمیٹڈ کے رجسٹرڈ دفتر کی تلاشی لی۔ قرض کے لین دین سے متعلق مختلف دستاویزات برآمد کر لی گئی ہیں۔”نامزد ملزمان کے علاوہ، یہ مقدمہ نامعلوم سرکاری ملازمین اور دیگر کے خلاف مجرمانہ سازش، آئی پی سی کے تحت دھوکہ دہی، اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت مجرمانہ بد سلوکی اور سرکاری عہدے کے غلط استعمال کے الزامات میں بھی درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔



