ہومNationalاپوزیشن نے ٹرینوں میں سہولیات بڑھانے اور مسافروں کی حفاظت پر توجہ...

اپوزیشن نے ٹرینوں میں سہولیات بڑھانے اور مسافروں کی حفاظت پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا

نئی دہلی، 16 مارچ (یو این آئی) اپوزیشن ارکان نے پیر کے روز لوک سبھا میں ریلوے پر مناسب توجہ نہ دیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹرینوں میں مسافروں کے لیے سہولیات میں اضافہ کیا جائے اور ان کی حفاظت پر زیادہ توجہ دی جائے۔ریلوے کی سال 27-2026 کی مطالبات زر پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس کے طارق انور نے کہا کہ ریلوے ریونیو وصولی میں پیچھے رہ گیا ہے۔ کرایوں میں دو بار اضافے کے باوجود آمدنی میں کمی آ رہی ہے۔ سال 27-2026 کے لیے آپریشنل کمپلائنس کی رپورٹ بھی پیش نہیں کی گئی۔ مسٹر انور نے کہا کہ حفاظت کے نام پر صرف اعلانات کیے جا رہے ہیں، جب کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘امرت بھارت یوجنا کے ہدف سے بہت کم، صرف 160 اسٹیشنوں پر کام ہو سکا ہے۔ لکھنؤ کے گومتی نگر اسٹیشن کو اعلیٰ درجے کا بنانے کا کام بھی ادھورا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے میں سنجیدگی نہیں دکھائی جا رہی۔ انہوں نے بزرگ شہریوں کو کرایوں میں ملنے والی رعایت کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا اور ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو سے ان سوالات کے جواب طلب کیے۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے گنیش سنگھ نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں ریل نیٹ ورک میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت ریل انفراسٹرکچر بڑھانے کے لیے پرعزم ہے اور مسافر سہولیات میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مال گاڑیوں کی اوسط رفتار 25 کلومیٹر سے بڑھ کر 38 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو گئی ہے اور 99 فی صد ریل لائنوں کی برقی کاری مکمل ہو چکی ہے۔سماج وادی پارٹی کے نیرج موریہ نے ٹرینوں میں صفائی ستھرائی پر توجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شرم جیوی ایکسپریس جیسی ٹرینوں میں چوہے اور کاکروچ ملنا عام بات ہے۔ انہوں نے گرمیوں کے موسم میں رش کے پیش نظر بوگیوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے لکھنؤ میل جیسی ٹرینوں میں سفر کے دوران لگنے والے جھٹکوں کی طرف بھی وزیر ریل کی توجہ مبذول کرائی اور قنوج ریلوے اسٹیشن کو عالمی معیار کا بنانے کی مانگ کی۔ترنمول کانگریس کی جون مالیا نے الزام لگایا کہ ریلوے کی جانب سے بعض ریاستوں کو ترجیح دی جاتی ہے جب کہ مغربی بنگال جیسی ریاستوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کا حق بنگال کو ملنا چاہیے اور ترقیاتی منصوبے ہر ریاست تک پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بنگال کے لیے کوئی خصوصی مطالبہ نہیں کر رہیں بلکہ بجٹ، سہولیات اور دیگر وسائل کی تقسیم یکساں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کھڑگپور اسٹیشن پر سہولیات بڑھانے کا مطالبہ کیا۔محترمہ مالیا نے ‘جنگل محل کے علاقے میں جنگلی جانوروں کے ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور ہاتھی کوریڈور میں ٹرینوں کے گزرنے کے دوران خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے لیے ریزرویشن اور بزرگ شہریوں و صحافیوں کے لیے رعایت کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات