جدید بھارت نیوز سروس
سہرسا، 13 مارچ : بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما سمراٹ چودھری نے جمعہ کو کہا کہ آئندہ بھی بہار کی حکومت نیتیش کمار کی رہنمائی میں کام کرتی رہے گی۔مسٹرچودھری نے وزیر اعلیٰ نیتیش کمار کی “سمردھی یاترا” کے دوران ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے پچھلے بیس برسوں میں ریاست کے تمام شعبوں میں معیاری تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے رابطے اور بجلی کی دستیابی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے ریاست میں عام لوگوں کی زندگی آسان ہوئی ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا، “مستقبل میں بھی بہار کی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت وزیر اعلیٰ نیتیش کمار کی رہنمائی میں کام کرتی رہے گی۔” انہوں نے یہ بات اس پس منظر میں کہی کہ نیتیش کمار نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا کے لیے نامزدگی داخل کی ہے اور اس کے باعث وہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑ سکتے ہیں۔ بہار سے راجیہ سبھا کی پانچ نشستوں کے لیے انتخابات 16 مارچ کو ہونے والے ہیں۔مسٹرچودھری نے کہا کہ جب وہ پہلی بار رکن اسمبلی بنے تھے، تب بہار کا بجٹ 6,000 کروڑ روپے کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار نے جب 2005 میں ریاست کی قیادت سنبھالی، تب صوبے کا بجٹ 23,000کروڑ روپے تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر نتیش کمار کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی مسلسل کوششوں سے اب بہار کا بجٹ بڑھ کر 3,47,000روڑ روپے ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2005 میں صرف 17 لاکھ گھروں میں بجلی کنکشن تھا، جو اب بڑھ کر 2.16 کروڑ ہو گیا ہے۔ اب ہر گھر کو بجلی کنکشن فراہم کر دیا گیا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب سے نیتیش کمار حکومت نے 125 یونٹس تک مفت بجلی فراہم کرنا شروع کی ہے، پچھلے سات ماہ میں 87 فیصد گھروں کے بجلی کے بل صفر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راشٹریہ جنتا دل (آرجے ڈی) کے دور میں بہار کی معیشت میں خواتین کا حصہ صرف 4,000 سے 6,000 کروڑ روپے کے درمیان تھا، جو اب بڑھ کر 1,26,000روڑ روپے ہو گیا ہے۔



