ہومJharkhandوزیر اعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ میں 40 تجاویز کو منظوری

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ میں 40 تجاویز کو منظوری

تعلیم، بنیادی ڈھانچہ، فلاحی اسکیموں اور انتظامی اصلاحات سے متعلق کئی فیصلے لیے گئے

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 12 مارچ:۔ جھارکھنڈ کی ریاستی کابینہ کا ایک اہم اجلاس آج رانچی میں منعقد ہوا جس کی صدارت وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کی۔ اس اجلاس میں ریاست کی ترقی، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور انتظامی اصلاحات سے متعلق کل 40 اہم تجاویز کو منظوری دی گئی۔ کابینہ کے فیصلوں کا مقصد ریاست میں تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانا، عوامی خدمات کو مؤثر بنانا اور مختلف فلاحی اسکیموں کو مزید مضبوط کرنا بتایا گیا ہے۔
تعلیم اور طلبہ کی فلاح سے متعلق بڑے فیصلے
کابینہ نے طلبہ کے مفاد میں کئی اہم فیصلے کیے۔ مانکی منڈا اسکالرشپ اسکیم میں ترمیم کو منظوری دی گئی جبکہ سرکاری اسکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک زیر تعلیم بچوں کو مفت اسکول بیگ فراہم کرنے کی اسکیم میں بھی تبدیلی کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ رانچی کے ویمنس کالج کے سائنس بلاک میں درج فہرست قبائل کی طالبات کے لیے 528 بستروں پر مشتمل ہاسٹل کی تعمیر کے لیے نئے مقام کی منظوری دی گئی۔اسی طرح ریاست کے مختلف سرکاری یونیورسٹیوں اور ان کے تحت چلنے والے کالجوں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی تقرری اور ترقی کے لیے ریزرویشن روسٹر قواعد کو بھی منظوری دی گئی۔
اعلیٰ تعلیمی اداروں ، عمارتوں کی تعمیر کو منظوری
کابینہ نے کئی تعلیمی اداروں کی نئی عمارتوں کی تعمیر کے لیے بڑی مالی منظوری دی۔ اس میں رانچی یونیورسٹی کے تحت ایس ایس میموریل کالج، چائیباسا کے کولہان یونیورسٹی کے تحت جے ایل این کالج چکردھر پور اور سدو کانہو مرمو یونیورسٹی کے تحت گودا ضلع میں نئے کالجوں کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے علاوہ بی آئی ٹی سندری، دھنباد میں چار سینٹر آف ایکسیلینس کے قیام کے لیے پانچ سال میں تقریباً 38.58 کروڑ روپے کے اخراجات کی بھی منظوری دی گئی۔
ریاست میں جدید ڈرائیونگ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا قیام
کابینہ نے ریاست میں انسٹی ٹیوٹ آف ڈرائیونگ ٹریننگ اینڈ ریسرچ (IDTR) کے قیام کے منصوبے کو بھی منظوری دی۔ اس منصوبے کی کل لاگت تقریباً 22.03 کروڑ روپے ہوگی جس میں مرکزی حکومت کے 17 کروڑ روپے کے علاوہ باقی رقم ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ اس منصوبے میں صنعتی ادارے Tata Motors کی شراکت بھی شامل ہے۔
شہری ترقی اور رہائشی اسکیموں پر پیش رفت
اجلاس میں مرکزی حکومت کی پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) 2.0 کو ریاست کے شہری بلدیاتی اداروں میں نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ریاست کے 23 اضلاع میں جدید سہولیات سے لیس 800 نشستوں پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ ضلعی لائبریریوں کے قیام کے لیے تقریباً 276 کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبہ منظور کیا گیا۔
انتظامی اصلاحات اور سرکاری خدمات سے متعلق فیصلے
کابینہ نے سرکاری ملازمین کی شکایات کے ازالے اور ریٹائرمنٹ فوائد کے معاملات کو شفاف اور بروقت طریقے سے حل کرنے کے لیے “جھارکھنڈ سرکاری ملازم شکایت ازالہ قواعد 2026” کے قیام کو منظوری دی۔ اس کے علاوہ گروپ ’ڈی‘ سے گروپ ’سی‘ کے عہدوں پر ترقی کے لیے محدود آن لائن مقابلہ جاتی امتحان کی قواعد سازی کو بھی منظوری دی گئی۔
ٹرانسپورٹ، سیاحت اور دیگر انتظامی فیصلے
اجلاس میں جھارکھنڈ سٹی ٹورسٹ ٹیکس رولز 2025 کے قیام کو منظوری دی گئی جبکہ ریاست میں وی آئی پی اور وی وی آئی پی سرکاری پروازوں کے لیے خدمات فراہم کرنے والی کمپنی Redbird Airways Pvt. Ltd. کے معاہدے میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ پلاموں ضلع کے ریلوے اسٹیشن ڈالٹن گنج کا نام تبدیل کر کے “مدینی نگر” رکھنے کی منظوری بھی کابینہ نے دی۔ کابینہ نے مختلف عدالتی احکامات کی روشنی میں کئی ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اور دیگر مالی فوائد دینے کی منظوری بھی دی۔ اس کے ساتھ ہی کئی سرکاری افسران کے سروس معاملات، تنخواہوں کے فرق کی ادائیگی اور دیگر انتظامی امور سے متعلق فیصلے بھی کیے گئے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات