مرنے والوں میں جھارکھنڈ کے چھ جبکہ ایک راجستھان کا باشندہ؛ چار مزدور زخمی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 10 مارچ:۔ ہریانہ کے گروگرام میں سِگنیچر گلوبل سوسائٹی کی زیرِ تعمیر عمارت کی سائٹ پر مٹی دھنسنے کے ایک افسوسناک حادثے میں سات مزدوروں کی موت ہو گئی جبکہ چار دیگر مزدور زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں چھ مزدور جھارکھنڈ کے مختلف علاقوں کے رہنے والے تھے، جب کہ ایک مزدور راجستھان کا باشندہ بتایا گیا ہے۔مرنے والے مزدوروں کی شناخت شیو شنکر (ساکن بنیہارا، مشرقی سنگھ بھوم)، پرمیشور مہتو (ہونڈئی، مشرقی سنگھ بھوم)، منگل مہتو (ہاتھی بندا، مشرقی سنگھ بھوم)، بھاگیرتھ گوپے (پوہیتا، جمشیدپور)، ستیش (برکا جڈتھل نگر، بھرت پور، راجستھان)، سنجیو گوپے (پوہیتا، جمشیدپور) اور دھننجے مہتو (ہونڈئی، مشرقی سنگھ بھوم) کے طور پر کی گئی ہے۔ولیس کے مطابق یہ حادثہ پیر کی رات سدھراولی علاقے میں واقع سِگنیچر گلوبل سوسائٹی کی تعمیراتی سائٹ پر پیش آیا۔ یہاں سوسائٹی کے پچھلے حصے میں کئی دنوں سے بیسمنٹ کی کھدائی کا کام جاری تھا، جس میں پچیس سے زیادہ مزدور مصروف تھے۔ پیر کی شام مزدور بیسمنٹ میں کھدائی کے دوران مٹی ہٹا رہے تھے کہ اچانک قریب کی مٹی کی دیوار بھر بھر ا کر گر گئی، جس کے نتیجے میں گیارہ مزدور مٹی کے نیچے دب گئے۔کچھ مزدور موقع سے بھاگنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ بعض کو فوری طور پر نکال لیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بلاس پور پولیس کو خبر دی گئی، جس کے بعد مقامی انتظامیہ، پولیس اور راحت و بچاؤ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو آپریشن میں پولیس کے ساتھ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ یہ آپریشن دیر رات تقریباً ساڑھے تین بجے تک جاری رہا۔ مٹی میں دبے تمام مزدوروں کو نکال کر بھیواڑی کے ضلع اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے سات مزدوروں کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ چار زخمی مزدوروں کا علاج جاری ہے۔



