نئی دہلی، 10 مارچ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو سالگرہ پر مبارکباد دی اور ان کی لمبی عمر اور صحت مند زندگی کی دعا کی مسٹر نریندر مودی نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس، پر شیئر کیے گئے پیغام میں مسٹر عمر عبداللہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مسٹر نریندر مودی نے لکھا، “جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو سالگرہ مبارک ہو۔ ایشور انہیں لمبی عمر اور اچھی صحت عطا کرے۔”جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما عمر عبداللہ دو دہائیوں سے خطے کی سیاست میں اہم شخصیت رہے ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل 2009 سے 2015 تک جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں اور رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے لوک سبھا میں خطے کی نمائندگی بھی کی ہے۔عبداللہ خاندان نے جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مسٹر عمر عبداللہ سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کے بیٹے اور مرحوم شیخ عبداللہ کے پوتے ہیں۔ شیخ عبداللہ خطے کے سیاسی منظر نامے کی ممتاز شخصیت اور نیشنل کانفرنس کے بانی تھے۔



