3 سالہ بچی کی آنکھ کے کینسر کا مفت کامیاب آپریشن کیا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 07؍ مارچ: آئی آر آئی ایس (iRIS) سپر اسپیشلٹی آئی کیئر سینٹر، رانچی میں 3 سالہ بچی سینی کیتار کی آنکھ کے سنگین کینسر ‘ریٹینو بلاسٹوما ‘ کا کامیاب اور مکمل طور پر مفت آپریشن کیا گیا۔ بچی کی آنکھ میں کینسر اس حد تک بڑھ چکا تھا کہ اس کی آنکھ پوری طرح باہر نکل آئی تھی اور حالت انتہائی تشویشناک ہو گئی تھی۔ 5 ماہ قبل ایک اخبار میں ایک صحافی بھائی کی جانب سے اس بچی کی سنگین حالت کے حوالے سے خبر شائع کی گئی تھی، جس میں جھارکھنڈ کے ہسپتالوں سے اپیل کی گئی تھی کہ کوئی ادارہ آگے آکر اس معصوم بچی کے علاج میں مدد کرے۔ یہ خبر پڑھنے کے بعد آئی آر آئی ایس (iRIS) سپر اسپیشلٹی آئی کیئر سینٹرکی ٹیم نے اخبار میں دیے گئے فون نمبر کے ذریعے بچی کے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور اس انتہائی پرخطر علاج کی ذمہ داری اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد آئی آر آئی ایس (iRIS) سپر اسپیشلٹی آئی کیئر سینٹراور آرکڈ میڈیکل سینٹرکی مشترکہ کوششوں سے بچی کا کامیاب آپریشن کیا گیا، جو کہ مکمل طور پر مفت تھا۔ اس پیچیدہ سرجری کی مرکزی سرجن ڈاکٹر روحی (آکیولوپلاسٹی سرجن) تھیں۔ آپریشن کے دوران ڈاکٹر شالنی (اینستھیٹسٹ) نے اینستھیزیا کے انتظام میں اہم کردار ادا کیا۔ اس پورے طبی عمل میں ڈاکٹر سبودھ کمار سنگھ (وٹریو-ریٹینا سرجن) کی رہنمائی اور تعاون حاصل رہا۔آرکڈ میڈیکل سینٹرکے ڈائریکٹر اور پارٹنر آئی آر آئی ایس (iRIS) سپر اسپیشلٹی آئی کیئر سینٹر، سدھانت جین اور اننت جین، اور ڈاکٹر سبودھ کمار سنگھ، مینیجنگ پارٹنر آئی آر آئی ایس (iRIS) سپر اسپیشلٹی آئی کیئر سینٹرنے بتایا کہ ادارے کا مقصد ضرورت مند مریضوں کو اعلیٰ درجے کا اور سستا علاج فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال مستقبل میں بھی معاشرے کے تئیں اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ایسی انسانی کوششیں جاری رکھے گا۔ یہ کامیابی ہسپتال کی پوری ٹیم کی لگن، مہارت اور مربوط کوششوں کا نتیجہ ہے، جس کی وجہ سے ایک ننھی بچی کو نئی زندگی مل سکی۔



