دمکا کی سدیپا دتہ ریاست میں سرفہرست، کئی امیدواروں نے ملک گیر امتحان میں حاصل کی اہم رینک
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 06 مارچ:۔ یونین پبلک سروس کمیشن کے سول سروس امتحان 2025 کے حتمی نتائج کے اعلان کے بعد جھارکھنڈ کے کئی باصلاحیت نوجوانوں نے نمایاں کامیابی حاصل کر کے ریاست کا نام روشن کیا ہے۔ اس سال ملک بھر سے کل 958 امیدوار منتخب ہوئے ہیں جن میں جھارکھنڈ کے متعدد طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں۔
سدیپا دتہ ریاست میں سرفہرست
دمکا کی رہنے والی سدیپا دتہ نے 41واں رینک حاصل کر کے ریاست میں سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ یہ ان کی تیسری کوشش تھی۔ سدیپا نے بتایا کہ انہوں نے اپنی تیاری دمکا میں رہ کر کی اور شہر کی اسٹیٹ لائبریری میں مطالعہ کرتے ہوئے اس مقام تک پہنچیں۔ ان کے والد سچدانند دتہ اسسٹنٹ پوسٹ ماسٹر ہیں جبکہ والدہ گھریلو خاتون ہیں۔ اس سے قبل ان کا انتخاب جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سی ڈی پی او کے عہدے کے لیے بھی ہو چکا ہے۔
بپُل گپتا نے 103واں رینک حاصل کیا
لتیہار ضلع کے مہواڈانڈ بلاک کے چٹک پور گاؤں کے رہنے والے بپُل گپتا نے 103واں رینک حاصل کر کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے لیے منتخب ہو کر ضلع کا نام روشن کیا ہے۔ وہ پون کمار گپتا اور دیپا گپتا کے فرزند ہیں۔ اس سے قبل سال 2024 میں انہوں نے 368واں رینک حاصل کیا تھا جس کے بعد ان کا انتخاب انڈین فارسٹ سروس میں ہوا تھا، تاہم ان کا مقصد آئی اے ایس بننا تھا جسے انہوں نے اس بار سخت محنت کے بعد حاصل کر لیا۔ ان کی کامیابی کی خبر ملتے ہی گاؤں میں خوشی کا ماحول پیدا ہو گیا اور اہل خانہ و دیہاتیوں نے مٹھائیاں تقسیم کر کے جشن منایا۔
نیہاریکا سنہا نے 365واں رینک حاصل کیا
صاحب گنج کی نیہاریکا سنہا نے بھی یو پی ایس سی امتحان میں 365واں رینک حاصل کر کے ضلع کا وقار بڑھایا ہے۔ کولی پاڑا کی رہنے والی نیہاریکا کے والد نرنجن سنہا پیشے سے درزی ہیں جبکہ والدہ شبنم کماری محکمہ صحت میں کنٹریکٹ نرس کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ نیہاریکا نے 2018 میں سینٹ زیویئر اسکول صاحب گنج سے دسویں اور 2020 میں رانچی کے جواہر ودیا مندر شیاملی سے بارہویں جماعت کی تعلیم مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے کولکاتا کے سینٹ زیویئر کالج سے سیاسیات میں گریجویشن کیا۔ سال 2024 میں پہلے ہی کوشش میں انہیں کامیابی نہیں ملی تھی لیکن دوسری کوشش میں انہوں نے 365واں رینک حاصل کر کے اپنے والدین کے خوابوں کو حقیقت میں بدل دیا۔
شروتی مودی کی بھی کامیابی
دھنباد سے تعلق رکھنے والی شروتی مودی نے بھی یو پی ایس سی امتحان میں 569واں رینک حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کے والد سیتارام مودی اور والدہ سشمہ مودی ہیں۔ شروتی نے دہلی کے معروف شری رام کالج آف کامرس سے بی کام آنرس کی تعلیم حاصل کی ہے۔ اس وقت وہ ایک بینک میں کلرک کے عہدے پر کام کر رہی ہیں اور ملازمت کے ساتھ ساتھ سول سروس امتحان کی تیاری بھی جاری رکھے ہوئے تھیں۔ ان کی کامیابی پر خاندان، دوستوں اور مختلف سماجی تنظیموں نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔



