سی آئی ایس ایف کی 57 ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے بولے امت شاہ
بھونیشور، 6 مارچ (یو این آئی) امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ نے جمعہ کو اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان 31 مارچ تک نکسل ازم سے مکمل طور پر پاک ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ان لوگوں کو شکست دیں گی جو تروپتی سے پشوپتی ناتھ تک ’ریڈ کوریڈور‘ قائم کرنے کا خواب دیکھتے ہیں۔اڈیشہ کے شہر منڈلی میں سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس(سی آئی ایس ایف) کی 57 ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ نکسل ازم سے پاک ہندوستان کا حصول، وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی سکیورٹی فورسز کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔وزیرِ داخلہ نے کہا کہ مودی حکومت 31 مارچ 2026 تک نکسل ازم کے خاتمے کے لیے پختہ عزم رکھتی ہے اور انہوں نے کہا کہ اس کوشش میں سی آئی ایس ایف نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے اڈیشہ، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں نکسل مخالف آپریشنز میں فورس کے کردار پر روشنی ڈالی اور مزید کہا کہ ملک اب اس خطرے کے خاتمے کے دہانے پر ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کا وژن پورے ملک کی ترقی کو یقینی بنانا اور 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے، جس کے لیے اندرونی اور بیرونی دونوں طرح کی سکیورٹی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ داخلہ سرحدوں اور ملک کے اندر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔



