تہران، 2 مارچ (یو این آئی) ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب عمان کے ساحلی علاقے مسندم کے نزدیک ایک آئل ٹینکر پر حملہ کیا ہے جس کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے عمان کے میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر (ایم ایس سی) کے مطابق حملے میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ جہاز کے تمام عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عمان کے حکام کا کہنا ہے کہ پالاؤ کے پرچم بردار آئل ٹینکر ’اسکائی لائٹ‘ پر یہ حملہ خصب بندرگاہ سے تقریباً 5 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ہوا، جہاز پر کُل 20 افراد سوار تھے جن میں 15 ہندوستانی اور 5 ایرانی شہری شامل ہیں۔میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر نے بتایا ہے کہ ریسکیو آپریشن فوجی، سیکیورٹی اور سول اداروں کے باہمی تعاون سے مکمل کیا گیا، زخمی افراد کو فوری طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے تاہم عمان کے حکام نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ حملہ کس ہتھیار سے کیا گیا۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی تیل کی ترسیل کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے، یہ تنگ بحری راستہ خلیج فارس کو خلیج عمان اور بحیرۂ عرب سے ملاتا ہے۔ایران اس کے شمال جبکہ عمان اور متحدہ عرب امارات اس کے جنوب میں واقع ہیں۔حالیہ کشیدگی کے باعث کئی جہاز راں کمپنیوں نے اس راستے سے گزرنے پر تشویش ظاہر کی ہے، خاص طور پر اس مبینہ وارننگ کے بعد جس میں کہا گیا تھا کہ آبنائے ہرمز سے کسی جہاز کو گزرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ایران کا آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر حملہ، خطے میں مزید کشیدگی
مقالات ذات صلة



