کانگریس کی خواتین ارکان پارلیمنٹ نے لوک سبھا اسپیکر پر پارلیمانی حقوق کے تحفظ میں ناکام ہونے کا الزام لگایا
نئی دہلی، 9 فروری (یو این آئی) کانگریس کی خواتین ممبران پارلیمنٹ نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلاکو خط لکھ کر ان پر حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دباؤ میں اپوزیشن خواتین ممبران پارلیمنٹ کے خلاف “جھوٹے، بے بنیاد اور تضحیک آمیز” الزامات لگانے اور اپوزیشن کے پارلیمانی حقوق کے تحفظ میں ناکام ہونے کا الزام لگایا ہے۔کانگریس ایم پی ایس جوتیمنی کے لیٹر ہیڈ پر پیر کو بھیجے گئے ایک سخت اعتراض میں، خواتین ممبران پارلیمنٹ نے لوک سبھا میں جمہوریت کی بے مثال خلاف ورزی پر ’گہرے دکھ‘ کا اظہار کیا۔ خط میں صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے دوران قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کو بولنے کی اجازت دینے سے بار بار انکار پر سوال اٹھایا گیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ ‘اسپیکر کا عہدہ ایک آئینی دفتر ہے جس کا مقصد پارلیمنٹ کے وقار کا تحفظ، غیر جانبداری کو یقینی بنانا اورپارٹی وابستگی سے قطع نظر تمام اراکین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔” اس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چار دنوں سے قائم پارلیمانی روایت کی “جان بوجھ کر خلاف ورزی” کی گئی ہے۔کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ نے الزام لگایا کہ جہاں راہل گاندھی کو بولنے کا موقع نہیں دیا گیا، وہیں انڈیا اتحاد کے آٹھ ممبران پارلیمنٹ کو “حکمران پارٹی کے اشارے پر” معطل کر دیا گیا، جب کہ ایک بی جے پی ممبر پارلیمنٹ کو ایوان میں سابق وزرائے اعظم کے خلاف “غیر مہذب اور فحش” تبصرہ کرنے کی اجازت دی گئی۔اسپیکر کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے، اراکین پارلیمنٹ نے کہا کہ مسٹر برلا نے ابتدا میں اعتراف کیا تھا کہ “سنگین غلطی” ہوئی ہے اور انہیں دن میں بعد میں آنے کو کہا تھا۔ تاہم، بعد میں میٹنگ کے دوران، انہوں نے مبینہ طور پر ان سے کہا کہ وہ اس معاملے پر حکومت کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔ دستخط کنندگان کے مطابق، اس جواب نے ’ایوان کے اسپیکر کے طور پر ان کے اختیار کے حوالے سے سنگین سوالات‘ کھڑے کردیے ہیں۔”خط میں لوک سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے طے شدہ خطاب کے آس پاس کے واقعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہا، “روایتی طریقہ کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، وزیر اعظم کا خطاب شام 5 بجے طے کیا گیا تھا۔” انہوں نے کہا کہ انڈیا الائنس کے اراکین نے احتجاج کیا، اور بالآخر وزیر اعظم ایوان میں نہیں آئے۔خواتین اراکین پارلیمنٹ نے وزیر اعظم کے ایوان میں نہ آنے کے دفاع میں اسپیکر کے ذریعہ بعد میں جاری کردہ اس بیان سخت اعتراض کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ اس میں کانگریس کی خواتین اراکین پارلیمنٹ کے خلاف “سنگین الزامات” عائد کیے گئے ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کا احتجاج “پرامن، مضبوط اور مکمل طور پر جمہوری اصولوں کے اندر تھا۔”خط میں کہا گیا، “ہماری دیانت پر سوال اٹھانا ہر اس خاتون پر سنگین حملہ ہے جو وقار اور ہمت کے ساتھ عوامی زندگی میں اپنی جگہ بناتی ہے۔ ہم میں سے بیشتر پرامن پس منظر سے آتے ہیں، اور بہت سے پہلی نسل کی لیڈرہیں۔”کانگریس ممبران پارلیمنٹ نے وزیر اعظم پر جوابدہی سے بچنے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا، ’’ان کی ایوان سے غیر حاضری ہماری طرف سے کسی خطرے کی وجہ سے نہیں تھی، بلکہ خوف کی وجہ سے تھی۔ ان میں اپوزیشن کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی۔اسپیکر کے عہدے کے تئیں اپنے احترام کا اعادہ کرتے ہوئے دستخط کنندگان نے مسٹر برلا پر زور دیا کہ وہ آزادانہ طور پر کام کریں اور لوک سبھا کے وقار کو بحال کریں۔ انہوں نے کہا، “اسپیکر کے دفتر کے وقار اور اس ایوان کی ساکھ کو بحال کرنے کا واحد طریقہ شفافیت ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ (اسپیکر) غیر جانبداری سے کام کرنے کا انتخاب کرتے ہیں تو وہ دل سے ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور حمایت کریں گے۔خط میں اسپیکر پر زور دیا گیا کہ وہ سیاسی دباؤ کے سامنے جھکنے کے بجائے “انتہائی مشکل حالات میں” آئینی وقار کو برقرار رکھیں۔



