بھوبنیشور، 23 جنوری (یو این آئی) سرکاری ذرائع کے مطابق صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو 2 فروری سے 7 فروری تک اوڈیشہ کے چھ روزہ دورے پر رہیں گی۔ اس دوران وہ ریاست بھر میں مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گی۔صدر جمہوریہ 2 فروری کی شام بھوبنیشور پہنچیں گی اور لوک بھون میں رسمی ملاقاتوں کے بعد دارالحکومت میں قیام کریں گی۔ 3 فروری کی صبح وہ جاج پور جائیں گی جہاں وہ براجا مندر میں پوجا کریں گی اور’نوی گیا‘ میں رسومات ادا کریں گی۔ بعد ازاں دوپہر میں، وہ بالاسور روانہ ہوں گی جہاں وہ فقیر موہن یونیورسٹی کے 12ویں جلسۂ تقسیم اسناد میں شرکت کریں گی۔ شام کو وہ پوری جائیں گی جہاں وہ شری جگن ناتھ مندر میں درشن کریں گی، آرتی میں شرکت کریں گی اور ’پنڈ دان‘ کریں گی۔4 فروری کو صدر جمہوریہ ضلع میور بھنج کا دورہ کریں گی، جہاں وہ رائیرنگ پور کے مقام پر ’ماہل ڈیہا‘ میں ایک ہالیڈے ہوم کا افتتاح کریں گی اور درج فہرست ذات و درج فہرست قبائل (ایس ٹی / ایس سی) کے ترقیاتی محکمے کے زیرِ انتظام چلنے والے لڑکیوں کے ہائر سیکنڈری اسکول کا دورہ کریں گی۔ وہ ’بھنج بیر سونارام سورین‘ کے مجسمے کی نقاب کشائی بھی کریں گی اور بید پور میں اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کریں گی۔ دوپہر میں وہ رائیرنگ پور میں کئی دیگر ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گی اور افتتاح کریں گی۔5 فروری کو صدر جمہوریہ صبح رائیرنگ پور جگن ناتھ مندر میں ایک خصوصی پروگرام میں شرکت کریں گی اور دوپہر میں سیمیلی پال کا دورہ کریں گی۔6 فروری کی صبح وہ میور بھنج میں خواتین اور قبائلی نوجوانوں کے گروپوں سے بات چیت کریں گی۔ بعد ازاں دوپہر میں، وہ بھوبنیشور واپس آئیں گی تاکہ حکومتِ اوڈیشہ اور ’گلوبل فنانس ٹیکنالوجی نیٹ ورک‘ کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ’’بلیک سوان سمٹ انڈیا‘‘ میں شرکت کر سکیں۔7 فروری کو صدر مرمو کا بھوبنیشور ایئرپورٹ سے چھتیس گڑھ کے لیے روانہ ہونے کا پروگرام ہے۔دریں اثنا، صدر کے دورے سے متعلق تمام سرگرمیوں کے خوش اسلوبی سے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے جمعرات کو چیف سکریٹری انو گرگ کی صدارت میں ریاستی سطح کی ایک میٹنگ ہوئی۔ چیف سکریٹری نے تمام محکموں کے سکریٹریوں، ضلع کلکٹروں اور پولیس سپرنٹنڈنٹوں کو ہدایت دی کہ وہ ضروری انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔



