جھارکھنڈ کو پہلے آیورویدک میڈیکل کالج اور ہسپتال کی منظوری
جدید بھارت نیوز سروس
نئی دہلی/رانچی،22؍جنوری(ایجنسی): جھارکھنڈ کے وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے نئی دہلی میں حکومت ہند کے مرکزی وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود پرتاپ راؤ جادھو سے ایک اہم اور خیر سگالی ملاقات کی۔ اس موقع پر جھارکھنڈ کے محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اجے کمار بھی موجود تھے۔
تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس بامقصد میٹنگ میں جھارکھنڈ کے صحت کے نظام کو مزید مستحکم، جدید اور عوامی مفاد کے مطابق بنانے کیلئے کئی اہم تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکزی حکومت نے جھارکھنڈ کی تجاویز پر مثبت رویہ اپناتے ہوئے کئی اہم نکات پر اصولی منظوری دے دی۔ آیورویدک میڈیکل کالج اور ہسپتال کا قیام: ڈاکٹر عرفان انصاری نے ریاست میں آیورویدک طبی سہولیات کی کمی کا معاملہ مضبوطی سے اٹھایا۔ انہوں نے ایک سرکاری اور ایک نجی آیورویدک میڈیکل کالج کی تجویز پیش کی، جسے مرکز نے اصولی طور پر منظور کر لیا۔ جاپانی ٹیکنالوجی سے لیس ہائی ٹیک لیب: ریاست کے تمام میڈیکل کالجوں اور رانچی صدر ہسپتال میں جاپانی ٹیکنالوجی پر مبنی جدید ترین لیبز قائم کی جائیں گی، تاکہ مریضوں کو تشخیصی ٹیسٹ کیلئے ریاست سے باہر نہ جانا پڑے۔ ایم بی بی ایس (MBBS) اور پی جی (PG) نشستوں میں اضافہ: دھنباد (SNMCH) اور جمشید پور (MGM) سمیت دیگر میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی نشستیں 100 سے بڑھا کر 250 کرنے کی تجویز دی گئی۔ مرکزی وزیر نے معائنے کے بعد اس پر کارروائی کا یقین دلایا۔ ویلنس ہیلتھ سینٹرز (ہیلتھ کاٹیج): تمام اضلاع میں ہیلتھ کاٹیجز کی تعمیر کیلئے مرکز اور ریاست کے درمیان 40:60کے تناسب سے مالی تعاون پر اتفاق ہوا۔ ابوا ہیلتھ اسکیم (Abua Swasthya Yojana): ڈاکٹر انصاری نے 15 لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی اس اسکیم کیلئے مرکزی تعاون طلب کیا۔
مرکزی وزیر نے فوری طور پر دو ہسپتالوں کے نام طلب کیے تاکہ تعاون شروع کیا جا سکے۔مرکزی وزیر پرتاپ راؤ جادھو نے ڈاکٹر عرفان انصاری کی لگن اور جھارکھنڈ کے ہیلتھ ماڈل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مرکز بغیر کسی امتیاز کے ریاست کو اس کا پورا حق دے گا۔ انہوں نے وزیر صحت کی دعوت پر جلد جھارکھنڈ کا دورہ کرنے کی ہامی بھی بھری۔ایڈیشنل چیف سکریٹری اجے کمار نے یقین دلایا کہ تمام کاغذی کارروائیاں جلد مکمل کر لی جائیں گی تاکہ ان منصوبوں کو جلد از جلد زمین پر اتارا جا سکے۔



