نتیش کمارنےترقیاتی کاموں کا لیاجائزہ
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 18 جنوری: وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بختیار پور میں گنگا کے ساحل پر واقع سیڑھی گھاٹ کا دورہ کیا اور وہاں کیے گئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران وزیراعلیٰ نے گنگا ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کے تحت کرائی گئی تعمیرات کے ساتھ ساتھ عقیدت مندوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات کی معلومات حاصل کیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچپن میں ہم اکثر یہاں سیڑھی گھاٹ پر غسل کرنے آتے تھے۔ روزانہ بڑی تعداد میں آس پاس کے عقیدت مند بھی یہاں پہنچتے ہیں، جس کے پیشِ نظر اس گھاٹ کو بہت اچھے طریقے سے تیار کیا گیا ہے۔ اب عقیدت مند آسانی کے ساتھ یہاں آکر اشنان اور پوجا پاٹھ کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بختیار پور کے سیڑھی گھاٹ پر واقع شری رادھے کرشن مندر میں پوجا کی اور ریاست کی خوشحالی، امن اور ترقی کے لیے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے معروف مجاہدِ آزادی و سابق ممبر پارلیمنٹ پنڈت شیل بھدرا یاجی اور ان کی اہلیہ آنجہانی بالکیشوری یاجی کی سمادھی پر پھول چڑھائے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر جے ڈی یو کے قومی کارگزار صدر و ممبر پارلیمنٹ سنجے کمار جھا، ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کارتیکیہ کے شرما سمیت دیگر معززین موجود تھے۔



