وزیراعلیٰ ممتا بنرجی خود صورتحال پر رکھ رہی ہیںنظر
عــوام سےنہ گــھـبرانےکـی اپیل
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ، 14 جنوری: نپاہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کے رابطے میں آنے والے دو افراد کو نگرانی کے لیے کولکاتہ کے بیلے گھاٹا انفیکشس ڈیزیز (آئی ڈی) ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔متاثرہ افراد میں ایک نرس اور ایک ڈاکٹر شامل ہیں۔ دونوں فی الحال اسپتال میں طبی نگرانی میں ہیں اور ان کے تھوک کے نمونے جانچ کے لیے جمع کیے گئے ہیں۔دریں اثنا، نِپاہ وائرس سے متاثر دو نرسوں کا علاج نارتھ 24 پرگنہ کے باراسات کے ایک نجی ہسپتال میں کیا جا رہا ہے۔ ان کی حالت تشویشناک ہے اور دونوں وینٹی لیٹر پر ہیں۔ نِپاہ انفیکشن کے بڑھتے خطرے کے پیشِ نظر صحت کے حکام نے متاثرہ نرسوں کے رابطے میں آئے افراد کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس عمل کے دوران ایک نرس اور ایک ڈاکٹر کو ہائی رسک کانٹیکٹ کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق متاثرہ نرس کو بَردوان سے بیلے گھاٹہ آئی ڈی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ جنوبی 24 پرگنہ کے رہائشی ڈاکٹر ہوم آئیسولیشن میں تھے، لیکن بگڑتی صورتحال کے پیش نظر احتیاطاً اسپتال منتقل کیا گیا۔ دونوں آئی ڈی اسپتال میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں کچھ دن قبل بَردوان کا دورہ کیا تھا۔کٹوا میں جن لوگوں کے رابطے میں وہ آئی ہوں گی، ان کی فہرست تیار کی گئی ہے اور ان پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ مشرقی بَردوان کے چیف میڈیکل افسر جے رام ہیمبرم نے بتایا کہ اب تک 48 افراد کی شناخت کی گئی ہے جو متاثرہ نرسوں کے رابطے میں آئے تھے۔محکمہ صحت نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر تیار کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی خود صورتحال پر نظر رکھ رہی ہیں۔ ریاستی حکومت نے عوام سے گھبرانے کے بجائے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے اور ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے۔نِپاہ وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر حکام نے بیلے گھاٹہ آئی ڈی اسپتال کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے مکمل تیار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق 10 ایمرجنسی بیڈز اور 68 وارڈ بیڈز تیار رکھے گئے ہیں، ساتھ ہی وینٹی لیٹر کی مناسب سہولت بھی موجود ہے۔



